31 مارچ 2015 - 13:55
سعودی جارحیت: یمن پرآج بھی حملے جاری

یمن کے مختلف علاقوں پر سعودی عرب کے حملے منگل کے روز بھی جاری رہے-

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق سعودی بمبار طیاروں نے شمال مشرقی یمن میں واقع صعدہ ایرپورٹ کو نشانہ بنایا۔ رپورٹ کے مطابق یمن کے یریم علاقے میں سعودی طیاروں کے جارحانہ حملے کے نتیجے میں اب تک آٹھ شہری جاں بحق اور اٹھائیس سے زائد زخمی ہوچکے ہیں۔ رپورٹوں کے مطابق سعودی بمبار طیاروں نے عدن ایرپورٹ پر بھی بمباری کی ہے۔ ایک اور رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایک بس پر سعودی جنگی طیاروں کے حملے میں کم سے کم سولہ افراد شہید اور درجنوں دیگر زخمی ہوئے ہیں۔ یہ ایسے میں ہے کہ یمن کے صوبے حجت میں، یمنی پناہ گزینوں کے کیمپوں پر سعودی عرب کے پیر کے روز کے حملوں میں پچاس شہری جاں بحق اور دسیوں دیگر زخمی ہوئے ہیں- فارس نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق شمالی یمن کے صوبے حجت کے علاقے" حرض" پر پیر کے روز سعودی عرب کے جنگی طیاروں کے حملے میں مرنے والوں کی تعداد بڑھتی جاری ہے۔ یمنی نیوز ایجنسی خبر کی رپورٹ کےمطابق سعودی جنگی طیاروں نے یمنی پناہ گزینوں کے دو کیمپوں پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں پچاس نہتے اور بے گناہ شہری جاں بحق اور دسیوں زخمی ہوگئے۔ شمالی یمن کا حرض علاقہ، سعودی عرب کی سرحد کے نزدیک واقع ہے۔ اس رپورٹ کے مطابق سعودی جنگی طیاروں نے ان کیمپوں پر چار مرتبہ بمباری کی ہے اور کہا جارہا ہے کہ لاشیں بکھری ہوئی ہیں اور مرنے والوں کی شناخت دشوار ہوگئی ہے۔

.......

/169