اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق عراق کی البدر تنظیم کے سربراہ ہادی العامری نے ہفتے کے روز اعلان کیا ہے کہ عراقی کی مسلح افواج جلد ہی شہر تکریت پر حملہ کریں گی۔ الیوم الثامن ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق ہادی العامری نے تاکید کی ہے کہ عراق کی مسلح افواج شہر تکریت کو آزاد کرانے کیلئے داعش کے خلاف تشکیل پانے والے نام نہاد بین الاقوامی اتحاد سے کوئی مدد نہیں لیں گی۔ انھوں نے کہا کہ شہر تکریت کو آزاد کرانے کی کوشش جاری ہے اور مسلح افواج، شہر تکریت کے دروازے تک پہنچ چکی ہیں اور جلد ہی اس شہر کا کنٹرول سنبھال لیا جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ داعش مخالف اتحاد سے مدد نہ لینے کی وجہ، ان کی جانب سے غلطی سے دیگر ٹھکانوں پر، کی جانے والی بمباری ہے کہ جس کے بعد پھر دیگر مسائل پیدا ہوجاتے ہیں۔ البدر تنظیم کے سکریٹری جنرل ہادی العامری نے کہا کہ تکریت میں ہونے والی پیش قدمی میں سست رفتاری کی وجہ بھی، بچھائی جانے والی بارودی سرنگیں ہیں کہ جن کا صفایا ضروری ہے۔ انھوں نے کہا کہ ایک اور وجہ یہ بھی ہے کہ داعش دہشتگرد گروہ، عام شہریوں کو انسانی سپر کے طور پر استعمال کررہا ہے اسلئے تکریت کو اس طریقے سے آزاد کرانے کا منصوبہ تیار کیا جارہا ہے کہ عام شہریوں کا جانی نقصان نہ ہو اور شہر کو داعش کے قبضے سے آزاد کرالیا جائے۔ واضح رہے کہ عراق کے صوبے صلاح الدین پر گذشتہ سال جون سے تکفیری دہشت گرد گروہ داعش کا قبضہ ہے اور عراقی فوج، قبائل اور عوامی رضاکار، اس علاقے کو آزاد کرانے کیلئے مکمل آمادہ ہیں۔
.......
/169