اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ حزب اللہ نے اعلان کیا ہے کہ سکریٹری جنرل سید حسن نصراللہ، جمعے کی رات ٹیلیویژن سے عالمی و علاقائی حالات کے بارے میں اہم خطاب کررہے ہیں- موصولہ رپورٹ کے مطابق حزب اللہ کے سکریٹری جنرل سید حسن نصراللہ، ٹیلیویژن سے اپنے اہم ترین خطاب میں لبنان، شام، فلسطین، صیہونی حکومت اور یمن کی صورت حال کی طرف بھی اشارہ کریں گے- سید حسن نصراللہ کی یہ تقریر المنار، المیادین اور العالم نیوز چینلوں سے براہ راست نشر ہوگی- حزب اللہ نے جمعرات کے روز ایک بیان میں یمن کی نیشنل آرمی اور اس ملک کی بنیادی تنصیبات پر سعودی عرب کے فوجی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے، سعودی عرب اور اس کے تمام اتحادیوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ یمنی قوم کے خلاف اپنی ظالمانہ فوجی کاروائی فوری اور غیر مشروط طور پر بند کریں- واضح رہے کہ علاقائی ملکوں کے داخلی امور میں مداخلت کے دائرے میں سعودی عرب نے جمعرات کے روز یمن کے مستعفی صدر منصور ہادی کی حمایت کرتے ہوئے اس ملک کے مختلف علاقوں کو اپنی وحشیانہ جارحیت کا نشانہ بنایا جس میں کم از کم پچاس افراد جاں بحق اور سینکڑوں دیگر زخمی ہوگئے- جاں بحق ہونے والوں میں بیشتر عورتیں اور بچّے ہیں- یہ ایسی حالت میں ہے کہ سعودی عرب کے جنگی طیاروں نے جمعے کے روز بھی یمن کے مختلف علاقوں پر شدید بمباری کی ہے-
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲