19 مارچ 2015 - 08:48
طالبان اور افغان حکومت کے درمیان مذاکرات کی تردید

افغانستان کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ طالبان اور اشرف غنی کی حکومت کے درمیان ابھی تک کسی قسم کے مذاکرات انجام نہیں پائے ہیں

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ افغانستان کے وزیرخارجہ صلاح الدین ربانی نے بدھ کو پارلیمنٹ کے کھلے اجلاس میں بیان دیتےہوئے حکومت اور طالبان کے درمیان مذاکرات پر مبنی بعض خبروں کو مستردکردیا- انہوں نے کہا کہ ابھی تک ان کے درمیان کوئی مذاکرات نہیں ہوئے ہیں۔ صلاح الدین ربانی نے کہا کہ طالبان کے ساتھ اگرچہ اب تک امن مذاکرات نہیں ہوئے ہیں تاہم بات چیت کے لئے حالات فراہم ہوئے ہیں۔ افغانستان کے وزیر خارجہ نے کہا کہ امن مذکرات کے عمل میں شفافیت پیدا کرنے کے لئے ابھی سے ضروری اقدامات کئے جارہے ہیں تاکہ افغان عوام کو بھی اس کی تفصیلات سے باخبر رکھا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ بعض علاقائی اور اسلامی ملکوں نے بھی افغانستان کی قومی اتحاد کی حکومت اور طالبان کے درمیان امن مذکرات میں مدد دینےکے سلسلے میں اپنی آمادگی کااعلان کیا ہے۔ واضح رہے کہ افغانستان اور پاکستان میں مختلف ذرائع کی جانب سے ماضی میں بارہا یہ بات کہی جا چکی ہےکہ افغان طالبان کے ساتھ امن مذاکرات انجام پائے ہیں تاہم افغان طالبان نے کابل حکومت کے ساتھ مذاکرات کی خبروں کی ہمیشہ تردیدکی ہے ۔ واضح رہے کہ طالبان نے کابل حکومت کے ساتھ امن مذاکرات انجام دینے کے لئے، افغانستان سے غیر ملکی فوجیوں کے مکمل انخلاء کو، اہم ترین پیشگی شرط قرار دیا ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲