اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ موصولہ رپورٹ کے مطابق عراق کے صوبہ الانبار کی آپریشنل کمان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ الرمادی کے شمال میں داعش کے ٹھکانوں پر ہوائی حملے میں باون دہشت گرد ہلاک ہو گئے ہیں- اس بیان میں کہا گیا ہے کہ مرنے والے دہشت گردوں میں بعض سرکردہ کمانڈر بھی شامل ہیں جن کا تعلق بعض دیگر ملکوں سے ہے-بیان کے مطابق ہوائی حملے کے وقت مارے جانے والے سرکردہ دہشت گرد ایک میٹنگ میں شریک تھے- رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ عراق کے وزیر دفاع خالد العبیدی نے بھی اس صوبے کا دورہ کیا ہے اور سیکورٹی کمانڈروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ داعش کے قبضے سے اس صوبے کی آزادی کے منصوبے پر کام شروع کردیں تاکہ اس علاقے میں امن و امان قائم ہونے کے بعد لوگ اپنے گھروں کو واپس جا سکیں- بیان کے مطابق شہرکی آزادی کے لئے کی جانے والی کاروائی میں سست رفتاری سے پیش قدمی، جانی نقصان کو کم کرنے کے لیے احتیاط اور راستے میں نصب بموں کو ناکارہ بنانے کی وجہ سے ہے- دوسری جانب بعض دیگر رپورٹوں سے پتہ چلتا ہے کہ عراق کی فوج، رضاکار فورس اور علاقے کے قبائلی لشکر، الحویجہ شہر کے قریب پہنچ گئے ہیں اور رضاکار فورس اور کرد پیشمرگہ فورس نے البشیر گاؤں پر قبضہ کر لیا ہے-
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲