11 مارچ 2015 - 18:57
یمن میں داعش کی بڑھتی ہوئی سرگرمیوں پرانصاراللہ کاانتباہ

یمن کی عوامی تحریک انصاراللہ نے بعض بیرونی قوتوں اور کچھ یمنی گروہوں کی طرف سے القاعدہ اور داعش جیسے دہشت گرد گروہوں کی حمایت کی بابت خبردار کیا ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق تحریک انصاراللہ کے سربراہ سید عبدالمالک الحوثی نے یوم شہید کی مناسبت سے ایک تقریر میں کہا کہ جرائم پیشہ عناصر جو اسرائیل اور مغرب کی خدمت کررہے ہیں ہمارے ملک کے خلاف سازشوں میں مصروف ہیں۔

انہوں نے یوم شہید کے پروگرام کو یمن کے عوام کی مظلومیت کا مظہر قرار دیا اور کہا کہ یمن کے عوام ایسے منصوبے کی جو انصاف اور آزادی کا منادی ہے وسیع پیمانے پر حمایت کررہے ہیں۔

یمن کی عوامی تحریک انصاراللہ کے سربراہ عبدالمالک الحوثی نے خبردار کیا کہ تکفیری عناصر کو یمن اور پورے علاقے کے خلاف سازش کے لئے وجود میں لایا گیا ہے اور آج یمن تکفیری دہشت گردوں کے نشانے پر ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے دشمن، تکفیریوں کو یمن روانہ کرکے ان کی اسلحہ جاتی مدد کررہےہیں جس کے ذریعے وہ یمن میں تسلط جمانا چاہتے ہیں۔

عبدالمالک الحوثی نے یمن میں رونما ہونے والے مسائل کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ بعض علاقائی اور عالمی طاقتیں، یمن پر اپنی مرضی کا بحران مسلط کرنے اور اسےجاری رکھنے کے درپے ہیں۔

تحریک انصاراللہ کے رہنما نے خلیج فارس تعاون کونسل کے ممبر ملکوں کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ یمنی عوام کے سلسلے میں خلیج فارس تعاون کونسل کا موقف منصفانہ اور شفاف نہیں ہے۔

.......

/169