اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق پندرہ سالہ شمیما بیگم، 16 سالہ خدیجہ سلطانہ اور ایک اور پندرہ سالہ لڑکی گذشتہ منگل کو لندن کے بین الاقوامی ہوائی اڈے سے ٹرکش ایئرویز کی ایک پرواز سے ترکی کے شہر استنبول روانہ ہوئی تھیں۔
برطانوی پولیس کا کہنا ہے کی تینوں لڑکیاں سہلیاں ہیں اور مشرقی لندن کی ’’بینٹھن گرین‘‘ اکیڈیمی میں ایک ساتھ تعلیم حاصل کرتی رہی ہیں۔ انہی کی ایک سہیلی گذشتہ برس دسمبر میں لندن سے فرار کے بعد شام میں داعش میں شامل ہو گئی تھی۔
پولیس چیف مسٹر والٹن نے’اے ایف پی‘ کو بتایا کہ شام میں کئی ایسے انتہا پسند گروپ سرگرم ہیں جو بیرون ملک سے لڑکوں اور لڑکیوں کو اپنی صفوں میں شامل کرنے کی ترغیب دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ تاثر درست نہیں کہ تینوں لڑکیوں کو اغواء کیا گیا ہے بلکہ غالب امکان یہی ہے کہ وہ شام میں شدت پسند گروپوں میں شمولیت کے لیے جا چکی ہیں۔
پولیس کا یہ بھی کہا ہے کہ تینوں لڑکیوں نے بیرون ملک سفر کی غرض سے فنڈز بھی حاصل کیے ہیں تاہم یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ آیا انہیں کس ذریعے سے مدد فراہم کی گئی۔
خیال رہے کہ برطانیہ سمیت بیشتر یورپی ممالک سے خواتین اور مردوں کی بڑی تعداد شام اور عراق میں بے گناہ عوام کے قتل عام میں مصروف تکفیری دہشت گردو گروہوں میں شمولیت کے لئے شام اور عراق جا چکی ہے۔





.......
/169