اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ کی یف سے موصولہ رپورٹ کے مطابق یوکرینی فوج کے ترجمان ولادیسلاو سلزنیوف نے کہا ہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران یوکرین کے مشرق میں ہونے والی جھڑپوں میں سات فوجی مارے گئے ہیں- ترجمان نے مزید کہا کہ مشرقی یوکرین میں جھڑپیں، ستمبر دو ہزار چودہ میں جنگ بندی کےبعد سے اب تک کی شدیدترین جھڑپیں ہيں جو اپنے اوج پر پہنچ گئی ہیں- سلزنیوف نے مزید کہا کہ مخالفین نے ساحلی شہر ماریوپول پر وسیع حملہ کیا ہے اور ان کا کہنا ہے کہ وہ دبالتسوف کا بھی کنٹرول حاصل کر لیں گے- یوکرینی فوج کے ترجمان نے اتوار کی شام سے ہونے والی جھڑپوں کو انتہائی شدید نوعیت کی قرار دیا- مشریق یوکرین میں ہونے والی جھڑپوں پر کہ جن میں ہفتے کے روز سے شدت آئی ہے، بہت سے بین الاقوامی اور یورپی حکام نے تشویش کا اظہار کیا ہے - اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل مشرقی یوکرین کی صورت حال کا جائزہ لینے کے لیے پیر کو ہنگامی اجلاس کر رہی ہے-
یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کی سربراہ فیڈریکا موگرینی نے بھی فریقین سے صبر و تحمل سے کام لینے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ یورپی یونین کے وزرائے خارجہ جمعرات کو یوکرین کی صورت حال کا جائزہ لینے کے لیے ایک ہنگامی اجلاس کریں گے- دوسری جانب روس کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ ان کا ملک یوکرین کی حکومت اور مخالفین کے درمیان رابطہ قائم کروانے کی کوشش کر رہا ہے- سرگئی لاوروف نے پیر کو ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ ماسکو اس بات کی کوشش کر رہا ہے کہ یوکرین کی حکومت اورمخالفین کے درمیان آئندہ چند روز کے دوران رابطوں میں اضافہ ہو- انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ جہاں تک وہ جانتے ہیں آئندہ چند روز کے لیے حتمی رابطے قائم کرنے کا پروگرام بنایا گيا ہے- روسی وزیرخارجہ نے کہا کہ روس کوشش کر رہا ہے کہ جہاں تک ہو سکے ان رابطوں میں آسانی پیدا کی جائے - روسی وزارت خارجہ نے بھی ایک بیان میں کہا ہے کہ روسی وزیر خارجہ سرگئي لاوروف نے اپنے امریکی ہم منصب جان کیری سے ٹیلی فون پر ہونے والی گفتگو میں ایک پرامن راہ حل تک پہنچنے کے لیے یوکرین میں متحارب فریقوں کو ترغیب دلانے کے مقصد سے ہر ممکن کوشش کرنے کے لیے روس کی آمادگی کا اعلان کیا ہے- واضح رہے کہ یوکرین کے مشرقی شہر ماریوپول پر ہونے والے راکٹ حملوں میں دسیوں افراد ہلاک اور زخمی ہوئے جبکہ یوکرین کے مشرقی شہر دونیسک میں ایک بس پر حملے میں کم از کم تیرہ افراد ہلاک ہو گئے تھے – ان حملوں کی ذمہ داری دونوں فریق ایک دوسرے پر عائد کررہے ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲