26 جنوری 2015 - 17:34
علاقے کی مشکلات کی جڑ فلسطینی سرزمین پر قبضہ

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے کہا ہے کہ علاقے کی مشکلات اور مسائل کی جڑ، فلسطینی سرزمین پر غاصبانہ قبضہ ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے پیر کوتہران میں اردن کے نئے سفیر سے ملاقات میں کہا کہ آج عالمی سطح پر رائے عامہ نہ صرف صیہونی حکومت کے ظلم اور جارحیت کو برداشت نہیں کرتی بلکہ اس کی مذمت بھی کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کے قبلۂ اول کی حیثیت سے مسجد الاقصی اور ملت فلسطین کی تقدیر پورے عالم اسلام کے لیے اہمیت رکھتی ہے اور قدس پر بتدریج قبضے اور فلسطینیوں کو ان کے ملک سے باہر نکالنے کے عمل نے تمام مسلمانوں کے ضمیر کو آزردہ کردیا ہے۔ صدر حسن روحانی نے کہا کہ یہ بات قابل قبول نہیں ہے کہ بیت المقدس غاصبوں کے قبضے میں باقی رہے۔ تہران میں اردن کے نئے سفیر عبداللہ سلیمان عبداللہ ابومازن نے بھی کہا کہ اردن، اسلامی جمہوریہ ایران کو علاقے میں ایک مؤثر ملک کے طور پر دیکھتا ہے اور مختلف میدانوں میں ایران کے ساتھ تعاون کو فروغ دینے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے اسی طرح مسئلہ فلسطین کو اپنے ملک کے لیے ایک مرکزی مسئلہ قرار دیا اور اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ اردن کے مفادات اس بات کا تقاضا کرتے ہیں کہ مسئلہ فلسطین منصفانہ طور پر حل ہو، کہا کہ اردن فلسطینی پناہ گزینوں کو اپنے شہریوں کے طور پر دیکھتا ہے لیکن اس کے باوجود فلسطینیوں کی  وطن واپسی کو یقینی بنانے کو بھی اپنی ایک ذمہ داری سمجھتا ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲