26 جنوری 2015 - 05:52
عراقی وزیرخارجہ کی عالمی برادری سے اپیل

عراقی وزیر خارجہ نے عالمی برادری سے کہا ہے کہ وہ عراق کے بارے میں کئے گئے اپنے وعدوں پرعمل کرے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق عراقی وزیر خارجہ ابراہیم الجعفری نے اتوار کو ایک بیان میں کہا کہ دنیا مختلف محاذوں پر دہشت گردی کے خلاف ایک جنگ میں الجھی ہوئی ہے اس لئے اس خطرے کا مقابلہ کرنے کے لئے متحد ہوکر کوششیں کرنا چاہئے۔ ابراہیم الجعفری نے کہا کہ عالمی برادری کو چاہئے کہ عراق کے اقتدار اعلی کی خلاف ورزی کے بغیر، اس ملک کو سیکورٹی، فوجی، انسانی وسائل اورعام سروسز سے متعلق دیئے گئے اپنے وعدوں پرعمل کرے اور داعش کے ہاتھوں جو بنیادی تنصیبات تباہ ہوچکی ہیں ان کی تعمیر نو میں بغداد کی مدد کرے۔ عراق کے وزیر خارجہ نے شام کے مسئلے کے بارے بھی میں کہا کہ اس ملک کے بحران کو چار سال کا عرصہ گذر رہا ہے اور طاقت کے استعمال سے اب تک صرف ہلاکتوں کی تعداد میں ہی اضافہ ہوا ہے۔ عراقی وزیر خارجہ نے اپنے ملک کے لئے عالمی برادری کی زیادہ سے زیادہ امداد کے بارے میں کہا کہ یہ بات کسی پر ڈھکی چھپی نہيں ہے کہ آج عراق کو سخت و دشوار حالات کا سامنا ہے اور ڈیووس اجلاس میں، یہ یاد دہانی کرائی گئی ہے کہ جن ملکوں نے عراق کے سلسلے میں، جدہ، پیرس اور نیویارک کے اجلاسوں میں وعدے کئے تھے وہ اپنے وعدوں پر عمل کریں۔ ابراہیم الجعفری نےکہا کہ عراق اس وقت، داعش کے خلاف جنگ کا محاذ بنا ہوا ہے اور ممکن ہے کہ آئندہ برسوں میں دیگر محاذ بھی کھل جائیں اس لئے تمام ملکوں کو چاہئے کہ دفاعی طریقہ کار اپناتے ہوئے قبل اس کے کہ داعش ان کی سرزمینوں میں داخل ہو اور انہیں نشانہ بنائے، اس گروہ کا مقابلہ کریں۔

.......

/169