اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ لیبیا کی حکومت نےاتوار کو اس خبر کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ نائب وزيرخارجہ حسن الصغیر کو اتوار کے روز البیضا شہر کے ایک ہوٹل سے اغوا کیا گیا ہے۔ اغوا کار ہوٹل کے عملے پر اپنے آپ کو سیکورٹی اہلکار ظاہر کرکے طلوع آفتاب سے پہلے ہوٹل میں داخل ہوئے اور نائب وزیر خارجہ حسن الصغیر کو اغوا کر کے لے گئے۔ خبروں میں کہا گيا ہے کہ یہ معلوم نہيں ہوسکا کہ لیبیا کے نائب وزیرخارجہ کو کہاں لے جایا گیا۔ ابھی تک کسی گروہ نے اس اغوا کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔ ادھر لیبیا کے سابق ڈکٹیٹر قذافی کی حکومت کے سابق حکام کے مقدمات کی سماعت دارالحکومت طرابلس میں ہوئی۔ لیبیا کی سابق ڈکٹیٹر حکومت کے اکتیس عہدیدار اس عدالت میں موجود تھے کہ جن میں لیبیا کی خفیہ ایجنسی کے سابق سربراہ عبداللہ السنوسی اور سابق وزیراعظم البغدادی المحمودی بھی شامل تھے۔ لیبیا کے سرکاری وکیل نے ان افراد پر عام شہریوں کے قتل، ایجنٹوں کو خریدنے، لوگوں کے قتل عام اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے الزامات عائد کیے ہیں۔ ان ملزمان کے وکیل صفائی نے کہا ہے کہ ان کے بعض موکلین سے اعترافی بیان لینے کے لیے ان کے گـھروالوں کو دھمکیاں دی گئی ہیں۔ اس درمیان ملزمان کے وکیل نے اپنے موکلوں کو بری کرنے کی درخواست کی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲