اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق ایران کے پارلیمانی اسپیکر ڈاکٹر لاریجانی نے کہا ہے کہ عراق کے تمام اس ملک کے عوام کے تعاون سے حل ہوجائیں گے۔ ایران کی مجلس شورائے اسلامی کے اسپیکر نے ترکی کے شہر استنبول میں اسلامی ملکوں کے بین الپارلمانی اجلاس کے موقع پر بدھ کے روز عراق کے اسپیکر سلیم الجبوری سے ملاقات میں عراقیوں کی جانب سے ایرانی زائرین کی مہمان نوازی کی قدردانی کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف مہم میں ایران، ہمیشہ عراقی عوام کے ساتھ رہےگا اور متحدہ عراق کی حمایت جاری رکھے گا- داکٹر علی لاریجانی نے کہا کہ عراق میں اس وقت جمہوریت قائم ہے اسلئے اس ملک کے تمام مسائل، عراقیوں کے ہاتھوں ہی حل کئے جانے کی ضرورت ہے۔ انھوں نے کہا کہ مستقبل میں ایران اور عراق کے درمیان تعاون اور تعلقات، تمام شعبوں میں مزید فروغ پائیں گے- اس ملاقات میں عراق کے پارلیمانی اسپیکر سلیم الجبوری نے بھی فریقین کے درمیان ہونے والی اس ملاقات پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی ملاقاتوں سے ایران اور عراق کے تعلقات کو زیادہ سے زیادہ فروغ دیئے جانے میں مدد ملےگی۔ انھوں نے کہا کہ ایران و عراق نے دہشتگردی کی ہمیشہ مذمت کی ہے اور اس لعنت کا بنیادی طور پر خاتمہ کرنے میں دونوں ملکوں کے درمیان تعاون بدستور جاری رہےگا۔ واضح رہے کہ استنبول اجلاس کے موقع پر ایران کے پارلیمانی اسپیکر نے ملائیشیاء، پاکستان، لبنان، یوگینڈا اور اردن کے پارلیمانی سربراہوں سے بھی علیحدہ علیحدہ ملاقات کی۔
.......
/169