21 جنوری 2015 - 20:56
امریکی صدرباراک اوبامہ کے خطاب پرریپبلکنز کاسخت ردعمل

امریکی صدر باراک اوبامہ کے خطاب پر ریپبلکنز نے سخت ردعمل ظاہر کیا ہے ۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق امریکی صدر نے اپنے خطاب کا بیشتر حصہ اقتصادی میدان میں اپنی حکومت کی کامیابیوں سے مختص کیا جس پر ریپبلکز نے، جن کی کانگریس میں اکثریت ہے، سخت تنقید کی ہے-

امریکی صدر نے اپنی ایک گھنٹے کی تقریر میں اقتصادی میدان میں وہائٹ ہاؤس کی ترجیحات، اور ایران اور کیوبا کے سلسلے میں خارجہ پالیسی کی وضاحت کی ۔

امریکی صدر نے ایران کے خلاف نئي پابندیاں عائد کرنے کے لئے ریپبلکنزکے ممکنہ اقدام کو سفارتی عمل کی ناکامی کا سبب قرار دیا اور ایک بار پھر دھمکی دی کہ وہ اس طرح کی کسی بھی پابندی کے بل کو ویٹو کردیں گے۔

ریپبلکن سینیٹرجان ارنسٹ نے اوبامہ کی پالیسیوں پر تنقیدکرتے ہوئے کہا کہ ریپبلکنز جو امریکی عوام کے انتخاب کےنتیجے میں کانگریس میں پہنچے ہیں ، کانگریس کی بہتر کارکردگی کے لئے کوشش کریں گے۔دوہزار بارہ میں اوبامہ کے حریف میٹ رامنی نے بھی امریکی صدر کی تقریر پر تنقید کرتے ہوئے فیس بک پر اپنے اکاؤنٹ میں لکھا کہ اوبامہ جو زیادہ تر توجہ ترقی کے بجائے انتخابات میں کامیابی پر مرکوز کئے ہوئے ہيں، اس حقیقت کی جانب متوجہ نہيں ہيں کہ کانگریس کم ٹیکس اور چھوٹی حکومت کی خواہاں ہے۔

درایں اثنا ریپبلکن سینیٹر مارکو روبیو نے جو دوہزارسولہ میں اس پارٹی کے ایک ممکنہ صدارتی امیدوار بھی ہوسکتے ہیں کہا ہے کہ اگر ہم یہ کہیں کہ جنگوں کا زمانہ ختم ہوچکا ہے تو یہ ملک کی سیکورٹی کے لئے کافی نہيں ہے.

.......

/169