11 جنوری 2015 - 05:11
صدر: اوپیک کے خلاف کچھ ممالک کی سازشوں کو ناکام بنایا جائے

صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی کا کہنا ہے کہ اوپیک کے رکن ممالک کی کوششوں سے 2015 میں خام تیل کی قیمتوں کو خواہش کے مطابق مستحکم کیا جا سکتا ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق سنیچر کو وینزوئلا کے اپنے ہم منصب نکولس مادرو کے ساتھ ملاقات میں صدر حسن روحانی نے کہا کہ بے شک، اوپیک کے رکن ممالک کے درمیان تعاون سے خام تیل کی قیمتوں میں توازن پیدا کیا جا سکتا ہے اور اسی کے ساتھ اوپیک کے خلاف کچھ طاقتوں کی سازشوں کو ناکام بنایا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وینزویلا سمیت لاطینی امریکی ممالک کے ساتھ تعلقات میں توسیع ان کی حکومت کی اولین ترجیحات میں سے ہے۔

وینزوئلا کے صدر کا کہنا تھا کہ تیل برآمد کرنے والے ممالک کو تیل کی قیمتوں کو مستحکم کرنے میں مدد کرنی چاہئے۔

تہران کے بعد مادرو سعودی عرب سمیت، تیل برآمد کرنے والے ممالک کا دورہ کریں گے۔

واضح رہے کہ جون سے اب تک خام تیل کی قیمتوں میں50  فیصد سے زیادہ کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ ماہرین کے مطابق، اس کی اہم وجہ سب سے بڑے تیل برآمد کرنے والے ملک سعودی عرب کی طرف سے تیل کی فراہمی میں اضافہ ہے۔

.......

/169