اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق نئی امریکی کانگرس کے اجلاس میں اسپیکر کے لئے ووٹنگ میں پچیس ریپبلیکن اراکین نے ، پارٹی کے امیدوار جاں بوئنر کے خلاف ووٹ دیئے ۔ اگرچہ جان بوئینر چار سو آٹھ میں سے دو سو سولہ ووٹ حاصل کرکے اسپیکر منتخب ہوگئے لیکن یہ انیس سو پچاس کے بعد پہلا موقع ہے کہ اتنے ریپبلیکن اراکین نے اپنی پارٹی کے امیدوار کے خلاف ووٹ دیئے ہیں ۔ اس سے ریپبلیکن پارٹی کے اندر شدید اختلاف کی عکاسی ہوتی ہے ۔
جان بوئنر ریپبلیکن پارٹی میں اعتدال پسند دھڑے کے لیڈر سمجھے جاتے ہیں اور پارٹی کا انتہا پسند دھڑا ان کا مخالف ہے ۔ قابل ذکر ہے کہ ریپبلیکن پارٹی کا انتہا پسند دھڑا ٹی پارٹی کے نام سے مشہور ہے ۔ ریپبلیکن پارٹی کے انتہا پسند دھڑے، ٹی پارٹی کا الزام ہے کہ ، باراک اوباما کی حکومت ریپبلیکن پارٹی کی کمزوریوں سے فائد اٹھاکے ، بہت سے اصولوں کو توڑنے میں کامیاب رہی ہے ۔ اس دھڑے کا کہنا ہے کہ ریپبلیکن پارٹی کی کمزوریوں کے ہی باعث، اوباما حکومت، اوباما کیئر کے نام سے مشہور بیمہ پالیسی کے نفاذ ، وال اسٹریٹ قوانین کے نام سے اقتصادی سرگرمیوں پر نگرانی اور مہاجرت کے قوانین پاس کرانے میں کامیاب رہی ہے ۔ ٹی پارٹی کے نام سے مشہور ریپبلیکن پارٹی کا انتہا پسند دھڑا ان کمزوریوں کا ذمہ جان بوئنر کی قیادت میں مبینہ اعتدال پسند دھڑے کو قرار دیتا ہے ۔
یہ ایسی حالت میں ہے کہ جان بوئنر اور ان کے ساتھیوں نے بارہا اس بات پر زور دیا ہے کہ انہوں نے اوباما حکومت کے لبرل پروگراموں کو روکنے کے لئے اپنی پوری توانائی سے کام لیا ہے ۔ جان بوئنر کی قیادت میں ریپبلیکن پارٹی کے مبینہ اعتدال پسند دھڑے کا کہنا ہے کہ انہی کوششوں کے نتیجے میں حتی اوباما حکومت کو سولہ دن کے شٹ ڈاؤن کا بھی سامنا کرنا پڑا تھا اور ان کی حکومت مالی سقوط کے قریب پہنچ گئی تھی ۔ لیکن انتہا پسند دھڑا جو ٹی پارٹی کہلاتا ہے، ان کوششوں کا ناکافی قرار دیتا ہے ۔
بہرحال امریکا کی ایک سو چودھویں کانگرس نے ایسی حالت میں کام کرنا شروع کیا ہے کہ اکثریتی جماعت ریپبلیکن پارٹی کے اندر اختلافات کھل کے سامنے آگئے ہیں جبکہ دو ہزار سولہ میں امریکا میں صدارتی انتخابات ہونے والے ہیں اور ابھی سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ انتخابی سرگرمیوں کے درمیان ریپبلیکن اور ڈیموکریٹک پارٹیوں کے درمیان روایتی مقابلہ آرائي کے ساتھ ہی ریپبلیکن پارٹی کی اندرونی چپقلش کا مشاہدہ بھی کیا جائے گا ۔
.......
169