اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق جماعت اسلامی ہند کے امیر مولا سید جلال الدین عمری نے کہا ہے کہ گھر واپسی کے نام پر آر ایس ایس کے ہاتھوں ہندوستانی دستور میں دی گئی عقیدہ و مذہب کی آزادی کو ختم کرنے کی سازش جاری ہے اور ہندوستان کی حکمراں جماعت BJP، تبدیلی مذہب پر پابندی عائد کرنے کے لیے قانون بنانے پر آمادہ نظر آرہی ہے۔ جماعت اسلامی ہندوستان کے امیر نے مرکز جماعت میں منعقد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ ماہرین قانون اور حقوق انسانی کے علم برداروں کی حتمی رائے ہے کہ ایسا کرنا بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ حقوق انسانی اور دستور کے بنیادی اصولوں کے خلاف ہوگا، افسوس کہ ملک میں خوف، نفرت کا ماحول بنایا جارہا ہے اور دھمکیوں سے کام لیا جارہا ہے، ساتھ ہی بھاجپا حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ اس طرح کی سرگرمیوں پر پابندی لگائی جائے، انہوں نے کہا کہ ہندوستان کے وزیر اعظم کے لیے ضروری ہے کہ اس پورے معاملے پر وہ اپنا موقف واضح کریں، بی جے پی کے برسر اقتدار کرنے کے بعد کئی تنظیمیں اپنے فرقہ وارانہ ایجنڈے پر عمل کرنے میں بے خوف ہوگئی ہیں اور ملک کے ماحول کو خراب کررہی ہیں۔ اس طرح کی سرگرمیوں کے پیچھے ملک کے عوام کو تقسیم کرنے اور سیاسی فائدہ اٹھانے کا جذبہ کام کررہا ہے۔
.......
/169