27 دسمبر 2014 - 12:33
عراق، دہشت گردوں کی در اندازی ناکام

عراقی فوج اور عوامی رضاکاروں نے حدیثہ کے علاقے تکفیری دہشت گرد گروہ داعش سے وابستہ مسلح افراد کی دراندازی کی ایک کوشش کو ناکام بنادیا ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق عراق کے مغربی صوبے الانبار کے علاقے الحدیثہ میں دا‏عشی عناصر نے جمعے کے روز گھسنے کی کوشش کی تاہم عراقی فوج اور عوامی رضاکاروں نے بروقت کاروائی کرکے ان کی اس مذموم کوشش کو ناکام بنادیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ اس کاروائي میں داعشی عناصر بہت زيادہ جانی نقصان اٹھانے کے بعد پیچھے ہٹنے پر مجبور ہوگئے۔

عراقی فوج کے ذرا‏‏ئع کا کہنا ہے کہ اس کاروائی میں بدنام زمانہ دہشت گرد گروہ داعش کی بہت سی فوجی گاڑیاں نيز اسلحہ اور گولہ بارود بھی تباہ ہوگيا ہے۔ اس علاقے میں داعش کے حملے کی ناکامی کی خبر ایک ایسے وقت سامنے آئي ہے کہ صوبہ الانبار کے مرکز الرمادی کے چودہ قصبوں اور گاؤوں کو مقامی قبائلی لشکر نے داعش کے دہشت گردوں سے آزاد کرالیا ہے۔

دوسری جانب داعش کے ایک سرغنہ نے اس بات کا انکشاف کیا ہے کہ وہ اس سے قبل القاعدہ کے لئے کام کرتا رہا ہے۔ عراقی فوج کے ہاتھوں حال ہی میں گرفتار ہونے والے اس سفاک دہشت گرد نے یہ بھی بتایا ہے کہ داعش کے افراد کو ان کی ہرمسلح کاروائی کے عوض بھاری رقومات ادا کی جاتی ہیں ۔

داعش کے اس سرکردہ دہشت گرد نے کہ جس کے نام اور شہریت کو فی الحال ظاہر نہیں کیا گيا ہے، دوران باز پرس بتایا ہے کہ ہم عراق میں جاری دہشت گردانہ کاروائیوں کے لئے ، جرمنی، آسٹریلیا، سعودی عرب ، تیونس، اردن اور الجزائر کے شہریوں کو استعمال کر رہے ہیں۔

.......

/169