اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق امریکا میں پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ نیویارک کے بروکلین علاقے میں ہونے والی فائرنگ میں دو پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ اس واقعے میں حملہ آور بھی مارا گیا۔ نیویارک پولیس کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں مزید تفصیلات کا اعلان جلد ہی کر دیا جائے گا۔ امریکا میں ہر سال بڑی تعداد میں افراد فائرنگ کا نشانہ بن جاتے ہیں۔ امریکا میں اسلحوں کی حامی طاقتور لابی کے آگے حکومتیں بے بس نظر آتی ہیں۔ ادھر کیلیفورنیا میں ایک پولیس اہلکار نے ایک سترہ سالہ نوجوان کو گولی مار کر ہلاک کر دیا۔فاکس نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، پولیس اہلکار ایڈم جاگر نے دعوی کیا کہ مذکورہ نوجوان، اس پر چاقو سے حملہ کرنا چاہتا تھا۔ اس رپورٹ کے مطابق جائے وقوعہ پر جب پولیس ٹیم پہنچی تو مذکورہ جوان زمین پر برہنہ پڑا ہوا تھا اور جس کے بعد اس کا دم نکل گیا۔ کچھ عرصے پہلے ایک سفید فام پولیس اہلکار کے ہاتھوں ایک سیاہ فام نوجوان کے قتل اور عدالت کی جانب سے اس کو باعزت بری کئے جانے کے بعد امریکا میں خاص طور پر سیاہ فاموں کے خلاف پولیس کے تشدد میں بہت زیادہ اضافہ ہوا ہے۔
.......
/169