19 دسمبر 2014 - 10:48
ایران نے جنرل اسمبلی کی قرارداد کو مسترد کر دیا

ایران نے انسانی حقوق کی مبینہ خلاف ورزی پر اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں منظور قرارداد کو سیاسی قرار دیا ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ میں ایران کے سفیر غلام حسین دہقاني نے جمعرات کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں قرارداد منظور ہونے کے بعد اسے سیاسی، غیر متوازن اور تعصب آمیز قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس قرارداد میں ایران میں مثبت پیشرفت کا کوئی ذکر نہیں کیا گیا ہے۔ یہ قرارداد ایران کے سلسلے میں اقوام متحدہ کے انسانی حقوق رپورٹر احمد شہید کی رپورٹ پر مبنی ہے۔

17 جون 2011 کو اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل نے امریکہ اور اس کے اتحادیوں کے دباؤ میں مالديپ کے سابق وزیر خارجہ احمد شہید کو، ایران کے سلسلے میں انسانی حقوق کے رپورٹر کی حیثیت سے مقرر کیا ۔

اسلامی جمہوریہ ایران، ملک میں انسانی حقوق کی صورت حال کے سلسلے میں جانبدارانہ اور تعصب پر مبنی رپورٹوں کی بارہا تنقید کرتے ہوئے کہہ چکا ہے کہ ایران میں انسانی حقوق کی صورت حال پر اقوام متحدہ کے خصوصی رپورٹر کی تقرری، سیاسی ہے جو ناقابل قبول ہے۔

.......

/169