1 دسمبر 2014 - 19:05
لندن کو ایٹمی بم سے اڑانے کا منصوبہ

دہشت گرد گروہ داعش، لندن کو دھماکوں سے اڑانے کا منصوبہ بنا رہا ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق، داعش دہشت گرد گروہ نے سوشل ویب سائٹ کے ذریعے دعوی کیا ہے کہ اس نے عراق کی ایک یونیورسٹی سے چالیس کلو یورینیم چرا کر ڈرٹي بم بنانے میں کامیابی حاصل کر لی ہے۔ اس گروہ کے ایک دہشت گرد نے کہا ہے کہ ممکنہ طور پر اس بم کو برطانیہ کے دارالحکومت لندن کو تباہ کرنے کے لئے استعمال کیا جائے گا۔

دھماکہ خیز مواد کا ایک برطانوی  ماہر ہمایوں طارق ان دہشت گردوں میں شامل ہے جو انٹرنیٹ کے ذریعے مغربی ممالک کو دھمکیاں دیتے رہتے ہیں۔ وہ سال 2012 میں برطانیہ سے شام پہنچا تھا۔ طارق نے ٹويٹر پر لکھا ہے کہ داعش نے موصل یونیورسٹی سے ریڈیو ایکٹیو مادہ حاصل کر لیا تھا اور اب اس کے پاس ڈرٹي بم موجود ہے۔ اس نے دعوی کیا ہے کہ ہم جلد ہی یہ بتائیں گے کہ ڈرٹي بم کیا ہوتا ہے، کیا کر سکتا ہے اور اگر اسے پبلک پلیس پر دھماکہ کیا جائے تو کیا ہو سکتا ہے؟ طارق نے کہا ہے کہ اگر ڈرٹي بم کا دھماکہ لندن میں کیا جائے تو یہ بہت ہی تباہی کا سبب بنے گا۔

واضح رہے کہ ڈرٹي بم ایک طرح کا  مہلک ہتھیار ہے جسے غیر جوہری دھماکے اور ماحولیات کو آلودہ کرنے کے لئے استعمال کیا جاتا ہے۔ اگرچہ ڈرٹي بم میں جوہری دھماکہ نہیں ہوتا لیکن اس کے دھماکے سے فضا میں ریڈیو ایکٹیو مادہ پھیل جانے کی وجہ سے اسے جوہری ہتھیاروں میں ہی شمار کیا جاتا ہے۔
.......

/169