27 نومبر 2014 - 11:37
کابل، برطانوی سفارت خانے کی گاڑی پر خودکش حملہ، پانچ افراد ہلاک

افغانستان کے دارالحکومت کابل میں طالبان نے برطانوی سفارت خانے کی ایک گاڑی پر حملہ کیا ہے جس کے نتیجے میں کم از کم پانچ افراد ہلاک اور تیس زخمی ہو گئے ہیں۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق افغانستان کے دارالحکومت کابل میں طالبان نے  برطانوی سفارت خانے کی ایک گاڑی پر حملہ کیا ہے جس کے نتیجے میں کم از کم پانچ افراد ہلاک اور تیس زخمی ہو گئے ہیں۔
یہ ایک خودکش حملہ تھا، جمعرات کو مشرقی علاقے میں ایک موٹر سائیکل سوار نے برطانوی سفارت خانے کی ایک موٹر کار سے اپنی موٹر سائیکل ٹکرا دی۔
کابل اسپتال کی  انتظامیہ کے سربراہ کبیر امیری کا کہنا ہے کہ اسپتال میں 34 زخمیوں کو لایا گیا تھا۔ افغان وزارت صحت کے مطابق، زخمیوں میں پانچ بچے بھی شامل ہیں۔
کابل میں برطانوی سفارت خانے کا کہنا ہے کہ حملے کے وقت گاڑی میں کوئی برطانوی سفارت کار موجود نہیں تھا۔
یہ دھماکہ اتنا طاقتور تھا کہ اس کی آواز شہر کے مشرقی حصوں میں سنی گئی۔
یہ حملہ ایسے وقت میں ہوا ہے کہ جب ستمبر میں اقتدار میں آنے والے نئے صدر اشرف غنی نے دہائیوں تک جنگ سے متاثر ہونے والے اپنے ملک میں امن لانے کا عہد کیا ہے۔
افغانستان میں بم دھماکے اور خودکش حملے ہوتے رہے ہیں اور ان میں اکثر افغان طالبان ملوث رہے ہیں۔
نومبر کے وسط میں بھی کابل میں اہم خاتون رکن پارلیمان پر خودکش حملے میں تین عام شہری ہلاک اور متعدد افراد زخمی ہوئے تھے جبکہ رکن پارلیمان کو معمولی چوٹیں آئی تھیں۔
.......

/169