17 نومبر 2014 - 08:12
اسرائیلی فوجیوں کی فائرنگ، فلسطینی جوان شہید، مقبوضہ علاقے میں حملہ، اسرائیلی زخمی

غاصب صیہونی فوجیوں کی فائرنگ میں مزید ایک فلسطینی شہید ہو گیا۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کی رپورٹ کے مطابق صیہونی فوجیوں نے اتوار کے روز خان یونس کے مشرقی علاقے میں ایک فلسطینی شہری کو گولی مارکر شہید کردیا۔ ذرائع کے مطابق صیہونی فوجیوں نے اس فلسطینی پر اس وقت فائرنگ کر دی جب وہ غزہ سے مقبوضہ علاقوں کی سرحد کے قریب پہنچ گیا تھا۔ 

دوسری جانب اسرائیلی پولیس کا کہنا ہے کہ مشرقی بیت المقدس کے علاقے میں تیز دھار آلے سے ہونے والے حملے میں ایک اسرائیلی زخمی ہو گیا۔ صیہونی ذرائع ابلاغ کے حوالے فرانس پریس نے رپورٹ دی دی ہے کہ بیت المقدس کے مشرقی علاقے میں ایک 32 سالہ شخص کو نامعلوم حملہ آور نے تیز دھار کے ہتھیار سے حملہ کرکے زخمی کر دیا۔ زخمی کو فورا مقامی اسپتال میں داخل کرا دیا گیا۔ پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اس حملے میں فلسطینی ملوث ہو سکتے ہیں۔ حملہ آور موقع واردات سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ پولیس واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے۔

واضح رہے کہ صیہونی حکومت نے مزاحمتی تنظیموں کے ساتھ جنگ بندی کے معاہدے پر دستخط کرنے کے بعد سے اب تک بارہا اس معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے۔ دریں اثنا صیہونی حکومت کی وزارت جنگ نے اپنے فوجیوں کو فلسطینیوں کے مقابلے خطرے کا احساس ہونے پر فلسطینیوں کے خلاف زندہ کارتوس استعمال کرنے کی اجازت  دے دی ہے۔

.......

/169