اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کی رپورٹ کے مطابق امریکی وزیر دفاع چک ہیگل نے پینٹاگون میں ایک تقریب میں خطاب کرتے ہوئے اعتراف کیا ہے کہ امریکا میں گزشتہ کئی سالوں سے جوہری طاقت کو بڑھانے اور اس کے لیے درکار انسانی وسائل پیدا کرنے پر توجہ نہیں دی گئی جس کی بدولت جوہری ہتھیاروں کی نہ صرف سیکورٹی بلکہ اسکے موثر ہونے کا عمل بھی متاثر ہوا ہے جس کے باعث اس نظام کو دوبارہ فعال بنانے کے لیے اربوں ڈالر کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ جوہری طاقت کو بڑھانے کے لیے موجودہ دفاعی 16 ارب ڈالر کے بجٹ میں کم از کم 10 فیصد اضافے کی ضرورت ہے اور موجودہ لیڈرشپ ڈھانچے اور ایڈمنسٹریشن کے نظام کو مکمل طور پر بدلنے کی بھی ضرورت ہے۔تقریب میں موجود امریکی نائب وزیر دفاع روبرٹ ورک کا کہنا تھا کہ امریکا کی موجودہ جوہری صلاحیت کو برقرار رکھنے کے لیے 2020 تک اس میں جدت کے ساتھ تبدیلی اوربڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کی ضرورت ہے۔امریکا کی وزارت دفاع کے مطابق اس وقت امریکا کے پاس 1643 ایٹمی وار ہیڈز اور 911 لانچرز ہیں۔ روس کے ساتھ ہونے والے ایٹمی ہتھیاروں کی تعداد کو کم کرنے کے معاہدے کے بعد امریکہ اور روس کو 2018 تک ایٹمی ہتھیاروں کی تعداد کو کم کرکے 1500 وار ہیڈز اور 700 میزائل لانچر تک محدود کرنا ہوگا۔
.......
/169