30 اکتوبر 2014 - 05:39
امریکہ، شامی مخالفین کو مسلح کرنے کی پالیسی پرنظرثانی کرے

ایران کے نائب وزیرخارجہ حسین امیر عبداللہیان نے کہا ہے کہ امریکہ ، شامی مخالفین کو مسلح کرنے کی پالیسی پرنظرثانی کرے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ ارنا کی رپورٹ کے مطابق ایران کے نائب وزيرخارجہ نے بدہ کو تہران میں اقوام متحدہ کے ڈپٹی سکریٹری جنرل یان الیاسون سے ملاقات میں دہشتگردی کےخلاف جنگ کے سلسلے میں امریکہ کے دہرے رویہ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران شروع سے ہی شام کی ارضی سالمیت اور اس ملک کے سیاسی مستقبل کا فیصلہ اس کے عوام کے ہاتھ ميں ہونے پر تاکید کرتا رہا ہے۔
امیر عبداللہیان نے بحران شام کا حل سیاسی قرار دیتے ہوئے تاکید کی کہ ایران اس پر متفق نہیں کہ کچہ محدود ممالک شامی عوام کی نمائندگی میں فیصلہ کریں اور تہران ہرگز اس بات کی اجازت نہيں دےگا کہ شام کی تقدیر کا فیصلہ دہشتگردوں کے ہاتھوں ہو۔
ایران کے نائب وزیرخارجہ نے اقوام متحدہ سے سعودی عالم دین شیخ باقرالنمر کی سزائےموت کے حکم کو رکوانے کی درخواست کرتے ہوئے شیعہ سنی اختلافات کو ھوا دینے کے لئے دہشتگرد گروہوں کی کوششوں نیز داعش کی موقع پرستی کا سلسلہ روکنے کے لئے شیخ نمرکی آزادی کو ضروری قرار دیا۔
اس موقع پر اقوام متحدہ کے ڈپٹی سکریٹری جنرل الیاسون نے علاقے کے حالات میں ایران کے کردار کو اہم قرار دیا اور کہا کہ اقوام متحدہ علاقے کے مسائل کے حل ميں مدد کے لئے ایران سے صلاح و مشورے کا اہتمام کرتا ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲