4 اکتوبر 2014 - 07:34
فلسطین کو تسلیم کرنے میں امریکی لیت و لعل

سوئیڈن کے اس اعلان کے بعد کہ وہ آزاد مملکت کی حیثیت سے فلسطین کو تسلیم کرے گا، امریکہ نے خبردار کیا ہے کہ فلسطین کو آزاد فلسطینی مملکت کی حیثیت سے سرکاری طور پر تسلیم کرنا ابھی جلد بازی ہوگی۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کی رپورٹ کے مطابق امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان جنیفر ساکی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ واشنگٹن، آزاد فلسطینی مملکت کی تشکیل کا حامی ہے مگر اس مسئلے کو پرامن طریقے سے اس راہ حل سے طے کیا جانا چاہیئے جو اسرائیل کے ساتھ مذاکرات سے نکلے گا۔ واضح رہے کہ سوئیڈن کے وزیراعظم اسٹیفن لوفون نے جمعے کے روز اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ دو آزاد ممالک کی حیثیت سے اسرائیل اور فلسطین کے بحران کا راہ حل موجود ہے، اعلان کیا ہے کہ ان کا ملک، ایک آزاد مملکت کی حیثیت سے فلسطین کو تسلیم کرے گا۔ دوسری جانب یورپی یونین نے مشرقی بیت المقدس میں صیہونی آبادکاری کی ایکبار پھر مذمت کی ہے اور خبردار کیا ہے کہ اسرائیل کے ساتھ اس کے آئندہ کے تعلقات کا دارومدار امن سے متعلق اسرائیل کے وعدے پر ہوگا۔ اس سے قبل بدھ کے روز امریکہ نے بھی اس علاقے میں رہائشی مکانات بنائے جانے کی مذمت کی تھی۔گذشتہ موسم بہار میں امن کا عمل شکست سے دوچار، اور غزہ کے خلاف اسرائیل کی جنگ کے بعد سے امریکہ اور اسرائیل کے تعلقات میں سردمہری پائی جاتی ہے۔

.......

/169