24 ستمبر 2014 - 14:52
داعش میں یورپ کے شدت پسندوں کی تعداد تین ہزار تک پہنچ گئی ہے

یورپی یونین کا کہنا ہے کہ شام اورعراق میں داعش میں شامل ہونے والے یورپی شہریوں کی تعداد میں گزشتہ چند مہینوں میں بہت تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کی رپورٹ کے مطابق یورپی یونین کے انسداد دہشت گردی کے رابطہ کار گائلز ڈی کرچوف نے منگل کو نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ میرے خیال میں ہماری تعداد تین ہزار کے قریب ہے۔

یاد رہے کہ عراق اور شام میں دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث ہونے والوں کی تعداد میں اضافہ داعش کی جانب سے جون میں اپنے زیرقبضہ علاقوں میں خلافت کے قیام کے اعلان کے بعد ہوا ہے۔

کرچوف نے کہا کہ مغربی ممالک کے انتہا پسند کے شام یا عراق جانے میں کمی واقع نہیں ہوئی ہے اور خلافت کے اعلان کے بعد اس میں اضافہ ہوا ہے'۔

یورپی یونین کے انسداد دہشت گردی کے رابطہ کار کے اس بیان سے چند گھنٹے قبل امریکہ کی سربراہی میں اس کے مغربی و عرب اتحادیوں نے شام میں داعش کے ٹھکانوں پر فضائی حملے کیے ہیں۔

گائلز ڈی کرچوف کا کہنا تھا کہ شام اور عراق جانے والے یورپی جنگجوؤں میں زیادہ تر فرانس، برطانیہ، جرمنی، بیلجیئم، نیدرلینڈز، سویڈن اور ڈنمارک سے تعلق رکھتے ہیں۔

ان کے علاوہ اسپین، اٹلی، آئیرلینڈ اور آسٹریا سے بھی قابل ذکر تعداد میں نوجوان جارہے ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ عراق اور شام میں ان یورپی ممالک کے انتہا پسندوں کی تعداد دو ماہ قبل دو ہزار تھی جو اب تین ہزار تک پہنچ گئی ہے۔

.......

/169