اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کی رپورٹ کے مطابق نیویارک کی ایک عدالت نے دہشت گرد تنظیم القاعدہ کے معدوم سرغنہ اسامہ بن لادن کے داماد اور اس تنظیم کے سابق ترجمان سلیمان ابوغیث کو امریکیوں کے قتل کی سازش میں ملوث ہونے کے الزام میں قصور وار قرار دے کر عمرقید کی سزا سنا دی ہے۔
اڑتالیس سالہ سلیمان ابوغیث ایک کویتی شہری ہے۔
وہ القاعدہ کے پہلے نمایاں عہدے دار ہیں جن کو امریکہ پر 11 ستمبر 2001ء کو طیارہ حملوں میں ملوث ہونے کے الزام میں مجرم قرار دے کر سزاسنائی گئی ہے۔
امریکی اٹارنی جنرل ایرک ہولڈر نے عدالت کے فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ اب انصاف ہوچکا ہے اور ابو غیث اپنی باقی زندگی میں کبھی جیل کی سلاخوں سے باہر نہیں نکل سکے گا۔
عدالت کے ایک جج نے منگل کو سزا سناتے وقت کہا کہ ابوغیث نے نائن الیون حملوں پر افسوس تک کا اظہار نہیں کیا، وہ بدستور امریکی شہریوں کے لیے ایک خطرہ ہے اور امریکیوں کو ہلاک کرنے کے لیے القاعدہ کے ایجنڈے پر عمل کر سکتا ہے۔
سلیمان ابو غیث القاعدہ کے ترجمان کی حیثیت سے ویڈیوز جاری کیا کرتا تھا، جن میں نئے حملوں کی دھمکیاں بھی شامل ہوتی تھیں۔
اکتوبر 2001ء میں جاری کردہ ایک ویڈیو میں کہا ابو غیث نے کہا تھا کہ اب طیاروں کا طوفان تھمے گا نہیں۔
.......
/169