اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد کے ریڈ زون میں پولیس سے جھڑپوں کے دوران ہونے والی ہلاکتوں پر پاکستان کے وزیر اعظم اور وزیر اعلی پنجاب سمیت 11 اہم شخصیات کے خلاف عدالتی حکم پر مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ اسلام آباد سے موصولہ رپورٹ کے مطابق پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد کے تھانہ سیکریٹریٹ میں مقامی عدالت کے حکم پر وزیراعظم نواز شریف، وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف، وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار، وزیر دفاع خواجہ آصف ، وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق اور آئی جی اسلام آباد سمیت 11 افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔ مقدمے میں قتل، اقدام قتل اور انسداد دہشتگردی ایکٹ کی دفعہ سات بھی شامل کی گئی ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان عوامی تحریک کی درخواست پر ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے پولیس کو وزیر اعظم سمیت دیگر شخصیات کے خلاف 31 اگست کو پولیس کی شیلنگ سے ہلاک ہونے والے مظاہرین کے قتل کا مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا تھا جب کہ اس سے قبل لاہورکے تھانہ فیصل ٹاؤن میں ان کے خلاف سانحہ ماڈل کا مقدمہ بھی درج کیا جاچکاہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲