اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ پاکستان کے صوبے بلوچستان کے صدر مقام کوئٹہ کے علاقے سریاب لنک روڈ پر ایف سی کی گاڑی کے قریب دھماکے کے نتیجے میں ایک اہلکار سمیت تین افراد جاں بحق جبکہ 24 افراد زخمی ہوگئے۔ دھماکے میں 40 کلو گرام دھماکہ خیز مواد استعمال کیا گیا تھا۔ پولیس کے مطابق دھماکہ اُس وقت ہوا جب ایف سی کی گشتی گاڑی سریاب لنک روڑ سے گزر رہی تھی۔ دھماکا اتنا شدید تھا کہ قریب موجود دو گاڑیوں اور ایک رکشے کو نقصان پہنچا جبکہ قریبی عمارتوں اور دکانوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ کے مطابق دھماکا خیز مواد سڑک کنارے کھڑی ایک گاڑی میں نصب کیا گیا تھا اور دھماکا ریموٹ کنٹرول ڈیوائس کے ذریعے کیا گیا جس میں 40کلو گرام دھماکا خیز مواد استعمال کیا گیا۔ ابتدائی طور پر بتایا گیا ہے کہ دھماکےمیں ایف سی کی گاڑی کونشانہ بنایاگیا۔ تاہم مزید تحقیقات جاری ہیں ۔ ادھر وزیر اعلی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نےسریاب لنک روڈ پر دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ دہشت گردوں اور معصوم عوام کے قاتلوں کا پیچھا کریں گے۔ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے دھماکے کے نتیجے میں جاں بحق اور زخمی افرد کے اہل خانہ کے ساتھ ہمداردی کا ظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردوں اور معصوم عوام کے قاتلوں کا پیچھا کریں گے اوربلوچستان میں مکمل امن کی بحالی تک کوششیں جاری رہیں گی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲