اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کی رپورٹ کے مطابق مشرقی یوکرین میں جاری جنگ سے فرار والوں پر ہوئے اس حملے کی عالمی سطح پر مذمت کا سلسلہ جاری ہے۔ كي ایف حکومت نے مخالفین کو حملےکا ذمہ دار قرار دیا ہے جبکہ مخالفین کا کہنا ہے کہ یہ حملہ سیکورٹی اہلکاروں نے کیا ہے۔
یوکرین کی فوج کے ترجمان انڈرس لسینكو کا کہنا ہے کہ لوگانسک میں پناہ گزینوں کے کارواں پر ہونے والے اس حملے میں خواتین اور بچوں سمیت دسیوں افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ انہوں نے اس غیر انسانی اقدام کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ان لوگوں پر حملہ محفوظ علاقے میں ہوا۔ باغیوں نے حکومت کے اس الزام کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ پناہ گزینوں کے کارواں پر حملے کا واقعہ قابل مذمت ہے اور انہوں نے جنگ زدہ علاقوں سے عام شہریوں کے نکلنے پر زور دیا ہے۔
اقوام متحدہ نے اعلان کیا ہے کہ ادارے کے سیکریٹری جنرل بان کی مون کے مشیر جیفري فیلٹمین اور انسانی امداد کی سربراہ ویلری اموس اس ہفتے كي ایف کا دورہ کریں گی۔
ادھر امریکی وزارت خارجہ نے پناہ گزینوں کے کارواں پر ہوئے میزائل حملے کی مذمت کی ہے۔ امریکی وزارت خارجہ کی ترجمان میری ہارف نے اسے المناک واقعہ قرار دیا ہے۔
واضح رہے کہ یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا جب برلن میں یوکرین کے بحران کے حل کے لئے یوکرین، روس، فرانس اور جرمنی کے درمیان چار فریقی مذاکرات اتوار کو ناکام ہوگئے تھے۔
.......
/169