20 اگست 2014 - 11:32
غزہ امن مذاکرات کی ناکامی کی ذمہ دار صیہونی حکومت

فلسطینی مذاکراتی ٹیم کے سربراہ عزام الاحمد نے کہا ہے کہ غزہ امن مذاکرات کی ناکامی کی ذمہ دار صیہونی حکومت ہے۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کی رپورٹ کے مطابق عزام الاحمد نے قاہرہ میں کہا کہ صیہونی حکومت کی توسیع پسندی مذاکرات کے ناکام ہونے کا باعث بنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صیہونی حکومت نے پہلے ہی سے قاہرہ مذاکرات کو ناکام بنانے کا تہیہ کر رکھا تھا اور اس نے پہلے ہی دن سے فلسطینی گروہوں میں اختلافات کو شدید کرنے کی سازشیں اپنا رکھی تھیں۔ عزام الاحمد نے کہا ہے کہ ہم قاہرہ سے جا رہے ہیں لیکن اس کے یہ معنی نہیں ہیں کہ ہم نے مذاکرات ترک کر دئے ہیں اور جب بھی مذاکرات کا ماحول بنے گا فلسطینی وفد قاہرہ پہنچ جائے گا۔
ادھر تحریک حماس میں عالمی تعلقات شعبے کے سربراہ نے بھی صیہونی حکومت کو قاہرہ مذاکرات کی ناکامی کا ذمہ دار قرار دیا اور کہا کہ تحریک حماس کے پاس صیہونی حکومت کے مقابل اپنا دفاع کرنے کےعلاوہ کوئي چارہ نہیں ہے۔ اسامہ حمدان نے کہا کہ صیہونی حکومت ہٹ دھرمی سے کام لے رہی ہے اور محدود پیمانے پر ماہیگيری کے لئے بندرگاہ کی تعمیر پر بھی آمادہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینی مزاحمت اپنے ہتھیاروں اور غزہ کو غیر مسلح کرنے کے مسئلے پر ہرگز مذاکرات نہيں کرے گي۔
واضح رہے کہ قاہرہ کی ثالثی سے فلسطینی گروہوں اور صیہونی حکومت کے درمیاں غزہ میں جنگ بندی کےحوالے سےمذاکرات ہو رہے تھے لیکن صیہونی حکومت نے مذاکرات سے خارج ہوکر دوبارہ غزہ پر حملے شروع کردئے ہیں جن میں گيارہ افراد شہید اور دسیوں زخمی ہوگئے ہیں۔

.......

/169