اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کی رپورٹ کے مطابق ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کے علاقے پلوامہ میں فوجی ائیر پورٹ کے باہر جنگجوؤں نے بی ایس ایف گاڑی کو نشانہ بناتے ہوئے اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک آفیسر سمیت 2اہلکار موقع پر ہی ہلاک جبکہ مزید 4اہلکار زخمی ہوگئے۔ اس دوران پورے علاقہ کو فوری طور پر محاصرے میں لیکر حملہ آوروں کی تلاش شروع کی گئی جبکہ پلوامہ کے داخلی اور خروجی راستوں پر سخت پہرے لگا دیئے گئے۔ادھر سرینگر سمیت وادی کے دیگر علاقوں میں بھی ہائی الرٹ کر دیا ہے۔ جنوبی کشمیر میں گذشتہ چار دنوں کے دوران فورسز پراسلحہ برداروں کے چوتھے حملے کی وجہ سے پلوامہ، اننت ناگ اور شوپیان میں سیکورٹی کو مزید سخت کیا گیا ہے جبکہ جنگجوؤں کی تلاش بڑے پیمانے پر شروع کر دی گئی ہے۔ ہفتے کو دوپہر کے وقت پلوامہ میں ائیرفورس ہوائی اڈے کے نزدیک ہونے والے حملے میں بی ایس ایف کے مزید4 اہلکار بھی شدید زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر بادامی باغ فوجی اسپتال منتقل کیا گیا۔ اس موقع پر اگر چہ سرحدی حفاظتی فورس کے اہلکاروں نے جوابی فائرنگ کی تاہم معلوم ہوا ہے کہ حملہ ااور فرار ہونے میں کامیاب ہوئے۔ پولیس ذرائع کے مطابق حملہ آور جنگجو فائرنگ کے بعد نزدیکی باغات میں داخل ہوئے اور اسی راستے سے فرار ہوگئے۔ واقعہ کے فوری بعد فورسز اور پولیس کے علاوہ ٹاسک فورس بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور پورے علاقہ کو محاصرے میں لیکر تلاشی کا سلسلہ شروع کر دیا۔ واضح رہے کہ 11 اگست کو جنگجوؤں نے پانپور کے نزدیک بی ایس ایف کی ایک کانوائے پر حملہ کیا تھا جس کے دوران 8 اہلکار زخمی ہوئے تھے جبکہ 12 اگست کو ریلوے پروٹیکشن فورسز کے ایک اہلکار کو جنوبی کشمیر میں ہی گولیاں مار کر ہلاک کیا گیا تھا ۔ 14اگست کو جنگجوؤں نے ایک مرتبہ پھر گالندر پانپور میں اپنی موجودگی کا اظہار کرتے ہوئے پولیس کی ایک گاڑی کو نشانہ بنایا تھا جس کے دوران 2 اہلکار اور ایک شہری ہلاک ہوئے تھے۔
.......
/169