اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کی حکومت نے 14 اگست کو ہونے والے پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان عوامی تحریک کے مارچ کی قیادت کو گرفتار نہ کرنے کا فیصلہ کرلیا جبکہ صورت حال کو 'انتظامی' اقدامات کے ذریعے قابو میں رکھنے کی ہدایت کردی۔ یہ فیصلہ پیر کے روز پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت رائیونڈ میں ان کی رہائش گاہ میں ہونے والے اجلاس میں کیا گیا جس میں صوبے پنجاب و وفاقی حکومت کے متعدد اہم اراکین اور مسلم لیگ نواز کی سینئیر قیادت بھی موجود تھی۔ اجلاس میں پی ٹی آئی اور پاکستان عوامی تحریک کے 14 اگست کو ہونے والے مارچز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں شامل ایک رکن نے صحافیوں کو بتایا کہ وزیراعظم نے وزراء کو مسئلے پر نہ گھبرانے کی ہدایت کی اور کہا کہ صورت حال کا سامنا پرسکون اور ٹھنڈے انداز میں کیا جائے۔ ادھر پاکستان کی پولیس وفاقی دارالحکومت کو منگل کی رات سے سیل کرنے پر غور کررہی ہے۔ ایک پولیس افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ منگل کی رات سے دارالحکومت کے 70 فیصد داخلی و خارجی راستے بند کردیے جائیں گے اور صرف چھوٹی گاڑیوں کو ہی شہر میں داخلے کی اجازت ہوگی۔
.......
/169