اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ تقریب مذاہب اسلامی کی جنرل اسمبلی کے سیکرٹری جنرل آیت اللہ محسن اراکی نے کہا ہے کہ امریکہ، صیہونیت اور دقیانوس عرب خطے میں تکفیری دہشتگرد گروہوں کی پس پردہ حمایت کرنے والوں کی منحوس مثلث ہے۔ آیت اللہ محسن اراکی نے ریڈیو تہران کے نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ داعش جیسے تکفیری دہشتگرد گروہوں کے اقدامات سوچے سمجھے منصوبے کے تحت اور اسلامی ممالک میں فرقہ واریت کو پھیلانے اور خانہ جنگی شروع کروانے کے مقصد سے انجام دیۓ جا رہے ہیں۔ آیت اللہ محسن اراکی نے یہ بات زور دے کر کہی کہ مسلمان اقوام اس بات کو سمجھ چکی ہیں کہ ایران پر مسلط کردہ صدام کی جنگ اور افغانستان، پاکستان، عراق اور شام کے بحران سمیت خطے میں انجام پانے والے بہت سے اقدامات قدامت پسند اور دقیانوس حکومتوں کی مالی حمایت کے ساتھ انجام دیۓ جارہے ہیں۔ آیت اللہ محسن اراکی نے عوام پر اعتماد اور اقوام کے ساتھ مضبوط تعلقات کو حقیقی طاقت قرار دیا اور اسلامی ممالک سے مطالبہ کیا کہ وہ ایک اسلامی ملت کی تشکیل کے لۓ اتحاد کی حکمت عملی اختیار کریں۔ آیت اللہ محسن اراکی نے مزید کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران اتحاد کی اسٹریٹیجی کی حمایت کرتا ہے اور اگر اسلامی ممالک اتحاد کے راستے پر گامزن ہوجائیں تو ایران بھی ان کا ساتھ دے گا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲