ابنا: القسام بریگیڈ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ اس کی اس کارروائی میں ایک گھر کو نشانہ بنایا گیا جہاں اسرائیلی فوجی چھپے ہوئے تھے۔ کارروائی کے دوران کئی اسرائیلی فوجی ہلاک ہوئے جبکہ ایک کو زندہ پکڑنے میں کامیابی ملی۔
بیان کے مطابق پکڑے گئے اسرائیلی فوجی افسر کے ساتھ موجود دو اسرائیلی فوجی اس کارروائی کے دوران مارے گئے۔
القسام بریگیڈ کی اس کارروائی کے بعد اسرائیل نے کرم ابو سالم پاس بند کرنے کا اعلان کیا ہے اور غزہ کے تمام نواحی علاقوں کو فوجی علاقے قرار دیتے ہوئے ان علاقوں میں یہودی بستیوں میں رہنے والوں سے کہا ہے کہ وہ اپنے گھروں کے اندر بند ہو جائیں اور فی الحال گھر سے باہر نہ نکلیں۔
نئے حالات میں کہا جا رہا ہے کہ اسرائیل اور حماس کے درمیان جاری جنگ بندی بھی ختم ہو سکتی ہے۔
دوسری جانب فلسطینی کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس سے تاکید کی ہے کہ صیہونی حکومت نے 35 فلسطینیوں کو شہید کرکے جنگ بندی کی خلاف ورزی کی ہے۔
حماس کے رہنما فوزی برہوم نے کہا کہ صیہونی حکومت نے جنگ بندی کی خلاف ورزی کی جبکہ مزاحمت نے اپنے دفاع کے حق پر عمل کیا ہے۔
انہوں نے عالمی برادری اور دنیا کے تمام ممالک سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ غزہ میں جاری قتل عام کو رکوانے کے لئے قدم اٹھائیں۔
واضح رہے کہ غزہ میں جنگ بندی کے اعلان کے کچھ ہی گھنٹے بعد صیہونی حکومت کے فوجیوں نے غزہ پر دوبارہ حملہ شروع کر دیا جس میں 40 فلسطینی شہید اور دو سو سے زیادہ زخمی ہو گئے۔

.......
/169