ابنا: پاکستانی ذرائع سے ملنے والی رپورٹوں کے مطابق پاکستانی فوج نے میرعلی، اور میران شاہ سمیت مختلف علاقوں میں دہشتگردوں کے اہم ٹھکانوں کو اپنے محاصرے میں لے لیا ہے ۔ پاکستانی فوج کے ضرب عضب نامی اس آپریشن میں فوج کے جیٹ طیاروں نے تحصیل شوال میں انتہاپسندوں اور دہشتگردوں کے ٹھکانوں پرشدید بمباری کی ہے۔ فوج کی بمباری میں اب تک کم سے کم بارہ دہشتگردوں کے ہلاک ہونے کی خبریں ہیں۔
دوسری طرف پاکستان کے وزيراعظم میاں نوازشریف شمالی وزیرستان آپریشن کے سلسلے میں آج پارلیمنٹ کو اعتماد میں لینے والے ہیں۔ پاکستانی وزیراعظم نے متعلقہ اداروں کو آپریشن کے دوران عام شہریوں کو کم سے کم نقصان پہنچنے کی ہدایت کی ہے۔
تازہ ترین اطلاعات کے مطابق شمالی وزیرستان میں دہشتگردوں کے خلاف آپریشن شروع ہونے کے ساتھ ہی ملک بھر میں سیکورٹی کے انتظامات سخت کردیئے گئے ہیں۔ اہم مقامات اور شاہراہوں پر فورسز گشت کررہی ہيں ۔باجوا ایجنسی میں تمام سرکاری و پرائیویٹ ادارے بند کردیئے گئے ہيں جب کہ مالاکنڈ ڈویژن میں بھی سیکورٹی بڑھا دیئے جانے کی اطلاعات ہیں۔ بنوں میں سیکورٹی ہائی الرٹ ہے ۔ شہر میں داخلے کے لئے جامہ تلاشی لی جارہی ہے۔
.......
/169