16 جون 2014 - 09:43
ایران کے جرمنی کے ساتھ مذاکرات مفید رہے ۔ عراقچی

ایران کے سینئر ایٹمی مذاکرات کار نے گروپ پانچ جمع ایک میں ، جرمنی کے نمائندے کے ساتھ دوطرفہ مذاکرات کو مفید بتایا ہے ۔

ابنا: ایران کےسینئر ایٹمی مذاکرات کارعباس عراقچی نے ، تہران میں گروپ پانچ جمع ایک میں شامل جرمنی کے نمائندے "ہانس دیتر لوکس" کے ساتھ کل اتوار کو ہونے والی ملاقات ميں کہا کہ جرمنی کے نمائندے کے ساتھ مذاکرات مفید و مثبت تھے ۔ یہ ملاقات گروپ پانچ جمع ایک کے اراکین کے ساتھ دوطرفہ ملاقاتوں کے دائرے میں انجام پائی ۔ جرمنی کے نمائندے "ہانس دیتر لوکس" گذشتہ جمعے کو ایرانی حکام سے ملاقات کے لئے ایک وفد کے ہمراہ تہران پہنچے تھے ۔ گذشتہ ہفتے گروپ پانچ جمع ایک کے اراکین کے ساتھ دوطرفہ ملاقاتوں کے دائرے میں ایران کے ایٹمی وفد نے امریکہ اور فرانس کے وفود کے ساتھ سوئٹزر لینڈ کے شہر جنیوا میں، اور روسی وفد کے ساتھ اٹلی کے شہر روم میں ملاقات کی ۔ عراقچی نے کل اتوار کو ایران کی مجلس شورائے اسلامی کی خارجہ پالیسی اور قومی سلامیتی کمیشن کے اجلاس میں ، مذاکرات کے نئے دور ميں ایران کے ایٹمی مسئلے کے حوالے سے طے پانے والے حتمی سمجھوتے کے متن کی تدوین کے آغاز کے لئے ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے فیصلے کی خبر دیتے ہوئے کہا کہ دو طرفہ مذاکرات ، آگے کی سمت بڑھنے میں بہت زیادہ مددگار ثابت ہوں گے ۔ واضح رہے کہ اسلامی جمہوریۂ ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے درمیان پانچویں دور کے ایٹمی مذاکرات آج پیر سے آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں شروع ہورہے ہيں ۔

.......

/169