ابنا: اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے آج ایران کی مجلس شورائے اسلامی میں اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ایران کے منطقی مذاکرات کے عمل سے علاقائی اور عالمی سطح پر ایسا ماحول پیدا ہوا ہے جو دشمنوں اور ایران کے اسلامی انقلاب کے بدخواہوں سے برداشت نہیں ہوپا رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ رہبر انقلاب اسلامی حضرت آیۃ اللہ العظمی سید خامنہ ای کی ہدایت و رہمنائی اور ایرانی عوام کی مکمل ہوشیاری کی بدولت، تہران اپنے منطقی مذاکرات کے عمل کے ذریعے انصاف اور عزت و سربلندی کے ساتھ امن پسندی کی راہ میں کامیابی کی منازل طے کررہا ہے۔ ایران کے وزیر خارجہ نے کہا کہ تہران کبھی اس بات کی اجازت نہیں دیگا کہ کوئی بھی طاقت، ایران کی حیثیت و وقار کر نشانہ بناسکے۔ انھوں نے کہا کہ ایران میں بیرونی سرمایہ کاری کے خلاف دشمنوں کا زہریلا پروپیگنڈہ، شکست سے دوچار ہوچکا ہے۔ محمد جواد ظریف نے صیہونی حکومت کے جارحانہ عزائم کی شدید مذمت کی اور کہا کہ ایرانی عوام، اسلامی تعلیمات کی بنیاد پر بےگناہ انسانوں کے قتل عام کی ہمیشہ مذمت کرتے رہے ہیں۔ انھوں نے ایران کی دفاعی پالیسی پر بھی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ایران کے اقتدار کی بنیاد، ایثار و شہادت کے اصول پر استوار ہے اور تہران نے ہر قسم کی دھونس دھمکی اور پابندیوں کو ترقی و پیشرفت کے مواقع میں تبدیل کیا ہے۔ایران کے وزیر خارجہ نے کہا کہ پوری دنیاکو، یہ بات جان لینی چاہیئے کہ ایران کی حکومت اور عوام، ہمیشہ امن پسند اور امن کی خواہاں رہے ہیں تاہم وہ کبھی کسی سے مرعوب نہیں ہوئے ہیں.
.......
/169