اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کی سیاسی جماعت لبریشن فرنٹ نے’انتخابی عمل کوقومی مفادات پرکاری ضرب‘قراردیتے ہوئے سری نگر، بڈگام اورٹنگمرگ میں الیکشن مخالف سرگرمیاں جاری رکھی ہوئی ہیں۔ موصولہ رپورٹ کے مطابق لبریشن فرنٹ کے قائدین اور اراکین نے حسب دستور سری نگر کے مختلف اہم مقامات پر الیکشن کے بائیکاٹ کے سلسلے میں اپنی گھر گھرمہم جاری رکھی ۔عوام الناس کو الیکشن کے مضمرات سے آگاہی دلانے کی غرض سے فرنٹ قائدین اور اراکین نے سرینگر، بڈگام اور بارہمولہ سمیت مختلف علاقہ جات کا دورہ کیا اور گھر گھر جاکر الیکشن کے بائیکاٹ کی مہم کو آگے بڑھایا۔ اس موقع پر لوگوں کے درمیان الیکشن بائیکاٹ کی اپیل پر مشتمل مواد بھی تقسیم کیا گیاجس میں ہندوستانی آئین کے تحت الیکشن عمل کے مضر اثرات اور اس کا بائیکاٹ کرنے کی ضرورت کو اجاگر کیا گیا ہے۔ فرنٹ قائدین کا کہنا تھا کہ آج ایک بار پھر وہی ہاتھ ہمیں دھوکہ دینے کیلئے آگر بڑھ رہا ہے جو کشمیر کی معصوم عوام پر گولیاں برسانے اور انہیں تختہ دار پر لٹکانے کا کام کرتا رہا ہے۔ قائدین نے عوام الناس کو اپنے قومی و ملی مفاد کو پہچاننے اور اس کی ہر قیمت پر حفاظت کرنے کیلئے الیکشن اور ووٹنگ کے عمل سے دور رہنے تلقین کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستانی آئین کے تحت ہونے والے اسمبلی اور پارلیمانی الیکشن اگرچہ بجلی سڑک پانی نوکری اور روز مرہ مسائل کے حل کے نام پر لڑے جاتے ہیں لیکن حقیقت یہ ہے کہ ان میں کامیاب ہونے والے لوگ اور دہلی کے حکمران ہمیشہ اس عمل کو کشمیریوں کے مفادات کی بیخ کنی کیلئے ہی استعمال کرتے رہتے۔ مقررین نے کہا یہی الیکشن ہیں اور یہی اسمبلی اور پارلیمنٹ ہے جس نے کشمیریوں سے آزادی کا ہر نشان چھین لینے کا کام کیا اور حقیقت یہی ہے کہ ان الیکشنوں کا مقصد ہندوستانی تسلط کو دوام بخشنا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲