13 اپریل 2014 - 08:59
کوئٹہ میں ہزارہ شیعہ برادری کے دو افراد شہید

سریاب پولیس کے ایک اہلکار نے بتایا کہ فائرنگ سے ایک شخص جائے وقوعہ پر شہید ہوا جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا۔ زخمی شخص کو ہسپتال لے جایا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاکر چل بسا۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں فائرنگ کے ایک واقعہ میں ہزارہ شیعہ برادری سے تعلق رکھنے والے دو افراد کو شہید کر دیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق دونوں افراد کو ہفتے کی شام نامعلوم مسلح افراد نے سریاب روڈ کے علاقے میں واقع بس ٹرمینل پر ان افراد کو نشانہ بنایا۔
سریاب پولیس کے ایک اہلکار نے بتایا کہ فائرنگ سے ایک شخص جائے وقوعہ پر شہید ہوا جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا۔ زخمی شخص کو ہسپتال لے جایا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاکر چل بسا۔
پولیس کے مطابق شہید ہونے والے دونوں افراد کا تعلق ہزارہ قبیلے سے ہے۔
پولیس اہلکار کا کہنا تھا کہ ابتدائی تفتیش کے مطابق یہ فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ کا واقعہ ہے۔
دوسری جانب ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی اور تحریک نفاذ فقہ جعفریہ نےاس واقعے کی مذمت کی ہے۔
ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کے مرکزی بیان کے مطابق سریاب روڈ پر کراچی جانے والے دو ہزارہ مسافروں کو بس سے اتار کر شناخت کرنے کے بعد شہید کیا گیا۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲