اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ حسن شہرستانی نے المیادین ٹی وی چینل کے ساتھ انٹرویو میں کہا کہ عراق شام کے بحران کے پرامن طریقے سے حل کئے جانے کا خواہاں ہے اس لئے بغداد اس بات کی ہرگز اجازت نہيں دےگا کہ عراق کی سرزمین کو شام کے خلاف فوجی کاروائی کے لئے استعمال کیا جائے ۔ انہوں نے شام میں تکفیریوں کو کھلی چھوٹ دیئے جانے کے بارے میں خبردار کرتے ہوئے کہا کہ شام میں تکفیری دہشت گردوں کو کھلی چھوٹ دینے سے وہ شام اور اس کے ہمسایہ ملکوں کو آگ میں جھونک دیں گے اور انہيں نابود کردیں گے ۔ شہرستانی نے عراق کے انتخابات کے انعقاد کےبارے میں کہا کہ عراق کے تمام علاقوں میں انتخابات اپنے مقررہ وقت پر ہی ہوں گے تاہم فلوجہ میں انتخابات کو ملتوی کئے جانے کا امکان موجود ہے ۔ دوسری جانب عراق کی وزارت داخلہ نے عراق کے مختلف علاقوں میں متعدد افراد کے ہلاک وزخمی ہونے کی خبر دی ہے ۔ بغداد سے اصوات العراق نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق عراق کی وزارت داخلہ کے ترجمان سعد معن نے ایک بیان میں کہا ہے کہ صوبۂ بابل کے شہر حلہ اور مسیب اور اسی طرح العصریہ نامی گاؤں میں متعدد دہشت گردانہ کاروائیاں انجام پائيں جس کے نتیجے میں دو عام شہری ہلاک اور متعدد دیگر زخمی ہوگئے اور کئی گاڑیاں بھی تباہ ہوگئیں ۔ عراق کی وزارت داخلہ نے فلوجہ میں بھی چھ دہشت گردوں اور ایک عام شہری کے ہلاک ہونے اور چار افراد کے زخمی ہونے کی خبر دی ہے ۔ اسی طرح جنوبی بغداد اور کرکوک میں بھی الگ الگ واقعات میں دو افراد مارے گئے ہیں ۔ عراق اور شام اسلامی حکومت سے موسوم داعش گروہ ، کرکوک میں سیکیورٹی فورسز، اور اس علاقے کے سرکاری اور مقامی حکام اور کارکنوں کو نشانہ بنارہا ہے ۔
.............
242