26 مارچ 2014 - 19:30
ایران سرحدی محافظوں کی آزادی کا مطالبہ

صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے پاکستانی وزیر اعظم نواز شریف سے اغواء شدہ ایرانی سرحدی محافظین کی آزادی اور دہشتگردوں کی گرفتاری پر مبنی حکومت پاکستان کے فوری اقدام کا مطالبہ کیا ہے۔

ابنا: صدراتی ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے کل پاکستان کے وزیر اعظم نواز شریف کے ساتھ ٹیلی فونی گفتگو میں اس بات پر تاکید کی کہ دو طرفہ اقدامات اور دونوں ممالک کے حکام کے درمیان مشترکہ سرحدی کمیشن کی تشکیل کے بعد یہ توقع کی جارہی تھی کہ پاکستانی حکام ایران کے سرحدی محافظین کی آزادی کے لۓ سنجیدہ اقدام کریں گے۔ صدر مملکت نے اس بات پر تاکید کرتے ہوئے کہ اس طرح کے مسائل پاکستان کے بارے میں ایران کی رائے عامہ میں منفی اثرات مرتب کریں گے کہا کہ دونوں ممالک کو خطے میں دہشتگردی سے مقابلے کے لۓ وسیع پیمانے پر باہمی تعاون کرنا چاہۓ۔صدر مملکت نے مزید کہا کہ ایران نے کبھی بھی دہشتگردوں کو پاکستان کے خلاف اپنی سرزمین استعمال کرنے کی اجازت دی ہے اور نہ  ہی آئندہ کبھی دے گا ۔ ڈاکٹر حسن روحانی نے حالیہ مہینوں میں ایران کے خلاف دہشتگردانہ کارروائیوں کے لۓ پاکستان کی سرزمین استعمال کۓ جانے کی جانب اشارہ کیا اور کہا کہ دہشتگرد خطے میں دو ہمسایہ اور اسلامی ممالک کے تعلقات کو خراب کرنے کے لۓ کوشاں ہیں۔ ڈاکٹر حسن روحانی نے ایران اور پاکستان کو علاقائی اور بین الاقوامی مسائل کے حل کے سلسلے میں اہم کردار کا حامل قرار دیا اور کہا کہ دونوں ممالک کے حکام کی مشاورت نہ صرف باہمی تعلقات میں توسیع بلکہ علاقائي امن و سلامتی کے تناظر میں بھی بہت زیادہ اہمیت کی حامل ہے۔ انھوں نے کہا کہ ایران ترقی یافتہ ، مستحکم اور محفوظ پاکستان کا خواہاں ہے۔پاکستانی وزیر اعظم نواز شریف نے بھی اس ٹیلی فونی گفتگو میں اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ حکومت پاکستان ایران کے اغواء شدہ سرحدی محافظین کی آزادی کے لۓ کسی بھی کوشش سے دریغ نہیں کرے گی۔ نواز شریف نے مزید کہا کہ پاکستان ایران کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کے لۓ خاص اہمیت کا قائل ہے اور وہ دہشتگردوں کو ایران کے خلاف کارروائیوں کے لۓ اپنی سرزمین استعمال کرنے کی ہر گز اجازت نہیں دے گا۔  واضح رہے جیش العدل نامی دہشتگرد تنظیم نے فروری کے مہینے میں ایران کے صوبہ سیستان و بلوچستان کے علاقے جکیگور سے پانچ سرحدی جوانوں کو اغوا کرلیا تھا۔ اس دہشتگرد گروہ نے اعلان کیا ہے کہ پانچ میں ایک جوان کو جس کا نام جمشید دانائي فر ہے ، شہید کردیا گيا ہے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۲۴۲