3 مارچ 2014 - 20:30
عراق میں دہشتگردانہ اقدامات، کئی ہلاک

عراق کے دارالحکومت بغداد کے التاجی ائرپورٹ پر دہشتگردوں کے حملے میں کئی افراد جاں بحق ہوگئے۔

ابنا: دہشتگردوں نے پیر کی شام بغداد کے التاجی ائرپورٹ پر حملہ کر دیا جس میں ایک فوجی افسر سمیت کئی افراد مارے گئے۔ دوسری جانب عراقی سیکورٹی اہلکاروں نے شام سے عراق میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والے دہشتگردوں کی دراندازی کو ناکام بنا دیا۔اس سے پہلے عراقی فوج نے ملک کے شمالی اور مغربی علاقوں میں کاروائی کے دوران دسیوں دہشتگردوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔ فوجیوں سے بری طرح ہار چکے دہشتگرد عام شہریوں اور سرکاری دفاتر کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ادھر دولت الاسلامیہ فی العراق و الشام داعش نامی دہشتگرد گروہ نے عراق کے مغربی صوبے الانبار کے شہر فلوجہ میں بیس عراقی فوجیوں کو قتل کردیا ہے۔ رای الیوم ویب سائٹ نے فلوجہ میں ایک انتہائی اہم باخبر ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ تین روز قبل دہشتگرد گروہ کے عناصر نے فلوجہ کے جنوب میں واقع علاقے النعمیہ میں عراقی فوج کی ایک چوکی پر حملہ کرکے بیس عراقی فوجیوں کو اغواء کرلیا تھا۔ذرائع کے مطابق اغوا کرنے کے بعد فوجیوں کو فلوجہ منتقل کردیا تھا اور ان کو دہشتگرد گروہ داعش کے حوالے کر دیا گیا اور اس دہشتگرد گروہ کے افراد نے ان عراقی فوجیوں کو قتل کردیا ہے۔......./169