28 فروری 2014 - 20:30
ڈاکٹر لاریجانی : مغرب، اسلامی ممالک کی ترقی پسند نہیں کرتا

اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر علی لاریجانی نے کہا ہے کہ ایران کا جوہری مسئلہ صرف سیاسی طریقے سے ہی حل ہو سکتا ہے۔

ابنا: ڈاکٹرعلی لاریجانی نے تہران میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ایران کا ایٹمی مسئلہ صرف مذاکرات کے ذرئعے ہی حل ہو سکتا ہے مگر مغرب بہانے تلاش کرنے میں مشغول ہے۔ ڈاکٹر علی لاریجانی نے کہا کہ مغرب دعوی کرتا ہے کہ ایران جوہری ہتھیاروں کے حصول کی کوشش کر رہا ہے اور مغرب اپنے گمان میں ایران کو جرم کے ارتکاب سے پہلے ہی سزا دینے کی کوشش کر رہا ہے جبکہ حقیقت یہ ہے کہ ایران کا جوہری ہتھیاروں پر یقین ہی نہیں ہے۔انہوں نے ایران کی مقامی ایٹمی ٹیکنالوجی کے تحفظ پر تاکید کے ساتھ کہا کہ مغرب کے ساتھ جوہری مذاکرات کے لئے چھ مہینے کی مدت ميں اضافہ ممکن ہے اور اس مدت کے دوران ایک بلند مدت سمجھوتہ ہوسکتا ہے۔ اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ مجلس شورای اسلامی کے اسپیکر ڈاکٹرعلی لاریجانی نے مسلمانوں کے بارے میں امریکا اور مغرب کی پالیسیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مسلمان قوموں کے حوالے سے امریکہ کا موقف یہ ہے کہ یہ قومیں ایک حد سے زیادہ ترقی و پیشرفت نہ کر سکیں اور درحقیقت ایران کے ساتھ مغرب کی بڑی مشکل یہ ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے علاقے میں امریکہ کی تسلط پسندی کے مقابلے میں استقامت کا مظاہرہ کیا ہے۔......./169