اہلبیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔آج ۱۴ فروری بحرین کے انقلاب کرامت کی تیسری سالگرہ کے موقع پر اس ملک کے مختلف علاقوں میں بڑے پیمانے پر مظاہرے کئے گئے اور ریلیاں نکالی گئیں۔ ریلیوں میں شریک افراد نے اللہ اکبر اور آل خلیفہ مردہ باد کے نعرے لگائے جبکہ آل خلیفہ کے گماشتوں نے اللہ اکبر کی صداوں کا جواب گولیوں سے دیا۔ اطلاعات کے مطابق سکیورٹی دستوں نے مختلف مقامات پر مظاہرین پر آنسو گیس کے گولے داغے اور لوگوں کے گھروں ہر بھی فائرنگ کی۔سکیورٹی دستوں کے اس تشدد پسندانہ روئے کے باعث دسیوں افراد زخمی ہوئے ہیں جبکہ ایک نوجوان کی حالت سخت تشویشناک ہے جسے براہ راست پیٹ اور سینے کے حصے سے گولیوں کا نشانہ بنایا گیا۔رپورٹ کے مطابق آل خلیفہ کے سکیورٹی دستوں نے سنابس کے علاقے میں انقلابی تحریک کی تیسری سالگرہ کے موقع پر ہونے والے مظاہروں میں شرکت کی غرض سے جانے والے ۱۷ سالہ نوجوان مھدی القفاص کو گولی مار کر شدید زخمی کر دیا۔رپورٹ کے مطابق مھدی القفاص کی حالت انتہائی تشویشناک ہے اور اس بات کا خوف ہے کہ وہ عنقریب جام شہادت نوش کر جائے۔اس نوجوان کو گولی لگنے کے بعد السلیمانیہ ہسپتال میں منتقل کر دیا گیا اور اس کے ماں باپ کو ہسپتال میں اس سے ملاقات پر روک لگا دی۔عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ سکیورٹی دستوں نے جان بوجھ کر قریب سے اس پر گولی چلائی جس کی وجہ سے مھدی گولی کھا کر فورا زمین پر گر گیا۔شاہدین کا مزید کہنا ہے کہ مھدی القفاص کو پیٹ اور سینہ کے حصے سے گولیوں کا نشانہ بنایا اور بعد از آں سکیورٹی دستوں نے اسے گیرے میں لے لیا اور اپنے مخصوص ہسپتال السلیمانیہ میں منتقل کر دیا۔
















