28 جنوری 2014 - 20:30
ایران، امریکی شام پالیسی کی مذمت

اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب وزیر خارجہ حسین امیر عبداللھیاں نے کہا ہے کہ امریکہ کی جانب سے دوبارہ شام کے دہشتگردوں کےلئے ہتھیاروں کی ترسیل غلط اور امریکی حکومت میں بے ضابطگي کی علامت ہے۔

ابنا: حسین امیر عبداللہیان نے ہمارے نمائندے سے گفتگو میں کہا کہ امریکہ کی جانب سے دوبارہ شام کے دہشتگردوں کو ہتھیاروں کی فراہمی، غلط اقدام ہے اور اگر شام کے بحران کا حل فوجی ہوتا تو تین برس میں یہ بحران حل ہوچکا ہوتا۔ انہوں نے امریکہ کے اس اقدام کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ جنیوا ٹو نامی سیاسی ڈھونگ اور دہشتگردوں اور غیر ذمہ دار مسلح گروہوں کی حمایت جاری رکھنے سے شام کے عوام کے رنج و الم ہرگز ختم نہیں کئے جاسکتے۔ انہوں نے کہا کہ شام کا مسئلہ صرف سیاسی طریقے سے ہی حل ہوسکتا ہے۔ ادھر شام کے وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا ہے کہ شام کے مسئلے کو حل کرنے میں ایران کو ضرور شریک کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ علاقے کے مسائل بالخصوص شام کے بحران کو حل کرنے میں ایران کی شرکت ضروری ہے۔ ادھر اطلاعات ہیں کہ بیت المقدس میں ہزاروں افراد نے اجتماع کرکے شام کی حکومت اور فوج کی حمایت کی ہے۔ گذشتہ ہفتے بھی فلسطینیوں نے شہر الخلیل میں مظاہرے کرکے ملت شام اور حکومت کی حمایت کی تھی۔

.......

/169