19 جنوری 2014 - 20:30
آیت اللہ علوی گرگانی: روحانیت کا لباس دنیا کا بہترین لباس ہے

آیت اللہ علوی گرگانی نے کہا ہے کہ لباس روحانیت دنیا کا بہترین لباس ہے لہذا اس کو پہنے والے اس کی قدر جانیں۔

اہلبیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ آیت اللہ العظمی علوی گرگانی نے آج مذہبی سیاسی عہدہ داروں سے ملاقات میں کہا: آپ لوگوں کی خوش قسمتی ہے کہ آپ روحانیت کا لباس پہنے ہوئے ہیں یہ لباس دنیا کا بہترین لباس ہے آپ لوگ اس لباس کی حفاظت کریں اور اسکی قدر جانیں۔انہوں نے ایک عالم دین کی ذمہ داریوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا: آپ لوگوں کی ذمہ داریاں انسان کے روحانی پہلو کے حوالے سے ہے چونکہ آپ لوگوں کا نام بھی ’’روحانی‘‘(روحانی فارسی زبان میں عالم دین کا کہا جاتا ہے) ہے اور اس بات کے یہ معنی ہیں کہ عالم دین اور روحانی لوگوں کی روح سے سروکار رکھتے ہیں اور جو شخص دنیا اور مادیات کی تلاش میں جائے وہ یقینا روحانی نہیں ہے۔شیعیان جہان کے مرجع تقلید نے سورہ صافات کی ایک آیت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے روحانیوں کی ذمہ داریوں کو یوں بیان کیا کہ قرآن کریم میں خداوند عالم نے لوگوں کے نبوت اور ولایت کے سلسلے میں صحیح تفکر کا ذمہ دار علماء و روحانیوں کو بنایا ہے۔حوزہ علمیہ کے اس برجستہ استاد نے مزید کہا: قیامت میں حساب و کتاب کے سلسلے میں وارد شدہ روایات کے مطابق ایک طرف ہزاروں عوام کا حساب و کتاب ہو جائے گا دوسری طرف اتنے عرصے میں ایک عالم دین کا حساب ہو گا۔ یہ بات آپ لوگوں کی ذمہ داریوں کو مزید بڑھا دیتی ہے۔آیت اللہ علوی گرگانی نے مزید واضح کیا کہ اس بات کو بیان کرنا ضروری ہے کہ خداوند عالم سوئی کی نوک کے برابر بھی کسی پر ظلم نہیں کرے گا۔انہوں نے مزید کہا: جب آپ لوگ اس مقدس لباس کو زیب تن کریں تو ہوشیار رہیں کہ اس لباس سے آپ کی ذمہ داریاں بڑھ جاتی ہیں لہذا اپنے اعمال اور کردار پر نگاہ رکھیں۔اس مرجع تقلید نے آخر میں کہا: مال دنیا کی یہ خاصیت ہے کہ یہ انسان کو گمراہی کی طرف کھینچتا ہے البتہ مال دنیا بذات خود مذموم نہیں ہے جس چیز کی مذمت ہوئی ہے وہ دنیا اور مال دنیا کی محبت ہے  اسی وجہ سے علماء کو چاہیے کہ اپنے مال کو دوسروں پر خرچ کر دیں نہ کہ مال جمع کریں۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۲۴۲