14 جنوری 2014 - 20:30
شاہ اردن سے محمد جواد ظریف کی ملاقات

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے اپنے دورۂ امّان میں اردن کے شاہ عبد اللہ دوم سے ملاقات کی۔

ابنا: اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے اپنے دورۂ امّان میں اردن کے شاہ عبد اللہ دوم سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں فریقین نے مشرق وسطی کے مختلف مسائل اور علاقے میں امن و استحکام کے قیام کیلئے ہم آہنگی کی ضرورت کے بارے میں تبادلۂ خیال کیا۔ اس ملاقات میں اردن کے شاہ نے بحران شام کے خاتمے کیلئےسیاسی حل تلاش کئے جانے کی ضرورت پر تاکید کی۔ انھوں نے اسی طرح ایران کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کے مزید فروغ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے علاقے میں ایران کے کردار کی اہمیت کو ناقابل انکار حقیقت سے تعبیر کیا۔ اس ملاقات میں ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے بھی علاقے کی موجودہ صورت حال کی طرف اشارہ کرتے ہوئے تمام ملکوں کی جانب سے دہشتگردی و انتہا پسندی کا خاتمہ کرنے کیلئے اس مسؤلے پر خصوصی توجہ دیئے جانے کی ضرورت پر تاکید کی۔ محمد جواد ظریف نے کہا کہ ایران، بحران شام کے سیاسی حل میں ہر قسم کا تعاون کرنے کیلئے آمادہ ہے۔ اس سے قبل ایران کے وزیر خارجہ نے امّان میں اردن کے وزیراعظم عبد اللہ النسور سے ملاقات کی جس میں انھوں نے علاقے کی حساس صورت حال کی طرف اشارہ کرتے ہوئے علاقائی ملکوں میں باہمی تعاون و یکسوئی کی ضرورت پر زور دیا تاکہ دہشتگردی کی روک تھام کی جاسکے۔انھوں نے ایران اور اردن کے تعلقات کے بارے میں امید ظاہر کی کہ دونوں ملکوں کے تعلقات، مستقبل میں مزید فروغ پائیں گے۔اس ملاقات میں اردن کے وزیراعظم نے بھی دونوں ملکوں کے مشترکہ اقدار و مفادات کا ذکر کرتے ہوئے دو طرفہ تعلقات کی توسیع پر تاکید کی اور کہا کہ دہشتگردی، ایران و اردن سمیت علاقے کے تمام ممالک کی قوموں کیلئے سب سے بڑا خطرہ ہے۔ انھوں نے علاقے میں ایران کے کردار کو بھی اہم اور موثر قرار دیا۔

.......

/169