ابنا: اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ میں قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کمیشن کے سربراہ نے کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے دشمن بالخصوص صیہونی حکومت جھوٹا پروپیگنڈا کرکے مثبت ایٹمی مذاکرات کی راہ میں رکاوٹیں ڈالنے کی کوشش کررہی ہے۔ علاالدین بروجردی نے نیشنل ٹی وی پر گفتگو میں ایران اور پانچ جمع ایک گروپ کے تازہ مذاکرات کو مثبت قراردیتےہوئے کہا کہ مغربی ملکوں کی رویہ نئے ماحول کا غماز ہے۔ علا الدین بروجردی نے کہا کہ امریکہ کی ناقابل اعتماد پالیسیوں سے غافل نہیں رہنا چاہیے کیونکہ ماضی میں امریکہ نے ثابت کردیا ہے کہ امریکہ کے مقابل بڑی احتیاط اور ہوشیاری سے قدم اٹھانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران اپنی قوم کی استقامت کے پیش نظر این پی ٹی معاہدے کے مطابق اپنے حقوق کا تحفظ کرنے کےلئے ڈٹا رہے گا۔ادھر اقوام متحدہ میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر محمد خزاعی نے کہا ہے کہ ایران کے ایٹمی معاملے کو تیزی سے حل کرنے میں پانچ جمع ایک گروپ کا سیاسی عزم و ارادہ اہمیت رکھتا ہے۔ محمد خزاعی نے اقوام متحدہ میں صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ اگر پانچ جمع ایک گروپ بھی ایران کی طرح نیک نیتی کے ساتھ اپنے سیاسی ارادے اور توانائیوں کو بروئے کار لاکر ایران کے ایٹمی معاملے کو حل کرے اور شبہات دور کرنے کی کوشش کرے تو ایٹمی معاملے کا حل طولانی نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ایران کے پاس نہ تو ایٹمی ہتھیار ہیں اور نہ ہی ایٹمی ہتھیار بنانے کا ارادہ رکھتا ہے لھذا بعض حلقوں کی جانب سے جو غلط فہمیاں پیدا کی گئي ہیں انہیں ختم کیا جانا ضروری ہے اور یہ کوئي بہت پيچیدہ کام نہیں ہے۔ انہوں نے کہا اگر سیاسی ارادے کے ساتھ ساتھ دانشمندانہ تجویزیں پیش کی جائيں اور عالمی قوانین کے دائر میں ملت ایران کے حقوق کا احترام کیا جائے تو ایٹمی مذاکرات مثبت نتائج تک پہنچ جائيں گے۔واضح رہے ایران اور پانچ جمع ایک گروپ کے درمیاں پندرہ اور سولہ اکتوبر کو جینوا میں تازہ مذاکرات ہوئے ہیں۔ ایران اور مغرب نے ان مذاکرات کو آگے کی طرف ایک قدم قرار دیا ہے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۲۴۲
17 اکتوبر 2013 - 20:30
News ID: 473380
اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ میں قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کمیشن کے سربراہ نے کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے دشمن بالخصوص صیہونی حکومت جھوٹا پروپیگنڈا کرکے مثبت ایٹمی مذاکرات کی راہ میں رکاوٹیں ڈالنے کی کوشش کررہی ہے۔