7 اکتوبر 2013 - 20:30
مجلس وحدت مسلمین کے وفد کی غلام بلور سے ملاقات، ضمنی الیکشن میں کامیابی پر مبارکباد

مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا کے ایک وفد نے علامہ سید عبدالحسین الحسینی کی قیادت میں سابق وفاقی وزیر اور عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماء غلام احمد بلور سے ملاقات کی۔

ابنا: مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا کے ایک وفد نے علامہ سید عبدالحسین الحسینی کی قیادت میں سابق وفاقی وزیر اور عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماء غلام احمد بلور سے ملاقات کی۔ بلور ہاوس میں ہونے والی اس ملاقات میں ایم ڈبلیو ایم کے ایک وفد نے غلام احمد بلور کو ضمنی الیکشن میں کامیابی پر مبارکباد دی۔ وفد میں صوبائی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ سید عبدالحسین الحسینی کے علاوہ صوبائی سیکرٹری اطلاعات عدیل عباس زیدی، صوبائی آفس مسئول ارشاد حسین بنگش، ضلع پشاور کے قائمقام سیکرٹری جنرل منصور الحسن اور ضلع کوہاٹ کے سیکرٹری جنرل حاجی علی داد خان شامل تھے۔ اس موقع پر صوبہ میں امن و امان کی صورتحال سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ غلام احمد بلور نے کہا کہ ان کی کامیابی میں مجلس وحدت مسلمین نے اہم کردار ادا کیا۔ خیبر پختونخوا کی حکومت اب تک عوامی توقعات پر پورا اترنے میں ناکام رہی ہے۔ صوبہ میں امن و امان کی صورتحال انتہائی ابتر ہے، آئے روز بم دھماکوں میں بےگناہ لوگ شہید ہورہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ طالبان کیساتھ مذاکرات ہوں اور ملک میں امن قائم ہو۔ اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ سید عبدالحسین الحسینی نے غلام احمد بلور کو ضمنی الیکشن میں کامیابی پر مبارکباد دی اور اس توقع کا اظہار کیا وہ پشاور سمیت صوبہ کے عوام کیلئے خدمات ادا کریں گے۔ علامہ عبدالحسین نے کہا کہ صوبہ میں امن و امان کی خراب ترین صورتحال نے عوام کو انتہائی عدم تحفظ کا شکار کردیا ہے۔ ضرورت اس ا مر کی ہے کہ صوبہ میں دیرپا قیام امن کیلئے اقدامات کئے جائیں۔ قیام امن کیلئے تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کو مثبت رول ادا کرنا ہوگا۔ دہشتگرد ریاست کی رٹ کو چینلج کر رہے ہیں جبکہ حکمرانوں کا رویہ انتہائی معذرت خواہانہ ہے۔

.......

/169